چین کا افغانستان کے ساتھ ا سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کا عزم

افغانستان کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر چین کے موقف کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمہ اور امن عمل میں افغانستان کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا،چینی صدر کی افغان چیف ایگزیکٹو سے ملاقات میں گفتگو افغانستان کی مشکلات میں چینی تعاون کو سراہتے ہیں ، افغان چیف ایگزیکٹو عبداﷲ عبداﷲ

منگل 17 مئی 2016 22:04

چین کا افغانستان کے ساتھ ا سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کا عزم

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) چین کے صدر ژی جن پنگ نے کہا ہے کہ افغانستان قابل اعتماد ہمسایہ اور دوست ملک ہے،افغانستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،افغانستان کے ساتھ باہمی ا سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے تیار ہیں ۔چین کے صدر نے افغان ہم منصب عبداﷲ عبداﷲ کے ساتھ منگل کو تفصیلی گفتگو کی جس میں دونوں ممالک نے باہمی ا سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کا عزم کیا ۔

ملاقات میں چینی صدر نے افغانستان کو ایک قابل اعتماد اور ہمسایہ دوست ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ وہ افغانستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک نے پرامن بقائے باہمی ،عزت ،سمجھ بوجھ ،اعتماد اور معاونت کے بنیادی اصولوں کے تحت گزشتہ60سال سے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چین کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر چین کی حمایت کے لئے افغانستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گاجبکہ افغان عوام کی جانب سے منتخب کی جانے والی حکومت اور سیاسی نظام کا احترام کرنے کی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔

افغانستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے کے ساتھ مستقبل کے لئے مزید منصوبوں کو حتمی کرنے کے خواہاں ہیں ۔افغانستان کی پر امن تعمیر نو اور ترقی کے لئے تعاون جاری رہے گا ۔چین کی افغانستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک رابطہ سازی کو بہتر بنائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ رابطہ سازی کو بہتر بنانے میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ کے تحت بھی افغانستان کو فوائد پہنچائے جائیں گے ۔

چین اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ اور امن عمل میں افغانستان کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔ افغان حکومت کی قیادت میں امن عمل ہی افغانستان میں امن واستحکام کا ضامن ہے ۔ ملاقات میں افغان چیف ایگزیکٹو عبداﷲ عبداﷲ نے کہا کہ افغانستان کے مشکل وقت میں چین کی جانب سے تعاون اور متحدہ حکومت کے لئے حمایت کو سراہتے ہیں ۔ افغانستان بین الاقوامی سطح پر تائیوان سمیت چین کے ہر موقف کی حمایت کرے گا۔ اس سے قبل افغان چیف ایگزیکٹو کی چینی نائب صدر لی یوآن چاؤ کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :