آمدہ انتخابات میں پیپلز پارٹی اور کشمیری عوام وفاقی وزراء کے منفی عزائم ناکام بنا دیں گے‘چوہدری عبدالمجید

بدھ 18 مئی 2016 15:25

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں اقتدار کے لیے ریاستی تشخص پامال کرنے اور عوام کی غیرت نیلام کرنے واالے اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے ۔ آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات میں پیپلز پارٹی اور کشمیری عوام وفاقی وزراء کے منفی عزائم ناکام بنا دیں گے ۔

چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے آزادکشمیر میں جلسوں نے وفاقی حکومت پر لرزہ طاری کر دیا ، وفاقی وزراء ن لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا نہیں دے سکتے ۔ آزادکشمیر میں جھرلو ٹھپے کے ذریعے ن لیگ کو اقتدار دلوانے کے ہتھکنڈے ناکام ہوں گے ۔ وفاقی حکومت فنڈز کی بندش اوراپنے امیدواروں کو جعلی سکیموں کے ذریعے پیپلز پارٹی کا راستہ نہیں روک سکتی ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی 2016 ء کے انتخابات میں کلین سویپ کرتے ہوئے دوبارہ حکومت بنائیگی اور پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کو عملی جامہ پہنا کر رہیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو کا میرپور میں جلسہ اقتدار پرستوں کی تمام امنگوں امیدوں کو بہا کر لے جائے گا ۔ بلاول بھٹو زرداری بانی چیئر مین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اورشہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹوکے مشن کی تکمیل کے لیے نکلے ہیں ۔

بلاول بھٹو نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں وہ پاکستان کا مستقبل ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کشمیریوں کے لیے جس انداز میں کمنٹ منٹ نبھائی۔ بلاول بھٹو کو کشمیرایشو کی کمنٹمنٹ وراثت میں ملی ۔ بلاول بھٹو نے کشمیریوں کی جس انداز میں ترجمانی کی اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک آزادی کا ایک نیا جوش اور ولولہ ملا ہے۔ بلاول بھٹو کے جلسوں نے بھارت کے اقتدار کے ایوانوں کوبھی ہلا کر رکھ دیا ہے ۔

ا ن خیالات کا اظہار انھوں نے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے میرپور جلسہ کے حوالے سے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی کے عہدیداران و کارکنان بھی موجودتھے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی درد رکھنے والی جماعت ہے ۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن ، پاکستان کے مستقبل کے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری کا 30 مئی کو میرپور آمد پر تاریخ کا سب سے بڑ ا استقبال کریں گے کارکنان اپنے محبوب قائد کے جلسہ کو تاریخی بنانے کے لیے دن رات محنت کریں اور جس پیار اور محبت اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے مضبوط موقف اختیار کر کے بھار ت سمیت پوری دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف مبذول کروائی ہے اسی طرح میرپور آمد کے موقع پر کشمیری بھی اسی عقیدت اور محبت کے تحت شاندار تاریخی استقبال کریں گے ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہیں وہ میرپور انٹر یشنل ائیر پورٹ ، میڈیکل یونیورسٹی کے بین الاقومی ٹیچنگ ہسپتال سمیت کشمیریوں کے لیے میگاء پراجیکٹس کا اعلان کریں گے انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تینوں میڈیکل کالجز محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے اعلان کے باعث ہی قائم ہوئے ہیں جس باعث آزادکشمیر کے غریب عوام کے بچوں کو ان دیلیز پر میڈیکل کی ایجوکیشن مل رہی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے آزادکشمیر میں دھونس دھاندلی کے ذریعے ن لیگ کو کامیاب کرانے کا منصوبہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت اوروفاقی وزراء کی بلاوجہ آزادکشمیر میں مداخلت کرنے کے باعث خود پیپلز پارٹی کی کمپین کررہے ہیں اور انھوں نے آزادکشمیر بھر میں پیپلز پارٹی کا پیغام پہنچایا ہے انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر جو دوٹوک موقف اختیار کیا ہے وہ ہی کشمیریوں کی آواز ہے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے بھی پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر کو سامنے رکھتے ہو ئے رکھی تھی ۔

آج ذوالفقارعلی بھٹو کا نواسہ اور بی بی شہید کا لخت جگر نے خود آزادکشمیر آکر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں اور ان کی تقرریوں سے بھارتی ایوان لرز اٹھے ہیں ۔اب کشمیر کی آزادی کی منزل قریب آرہی ہے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے کالے قوانین کے ساتھ ہی واپس جانا ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :