پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے تربیت اساتذہ کے جامع پروگرام کا آغاز کر دیا‘طارق محمود

جمعرات 19 مئی 2016 13:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بہاول نگر،چکوال،جھنگ ،میانوالی،پاکپتن اور راجن پور کے پارٹنر سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور ٹیچرزکے جامع تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ۔ڈائریکٹو ریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کے توسط سے منعقد ہونے والے اس تربیتی پروگرام کے دوران ان اضلاع میں مجموعی طور پر 131تربیتی ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔

اس تربیتی پروگرام کا مقصد تربیت اساتذ ہ کے ذریعے کوالٹی ایجوکیشن کا حصول ہے تاکہ جدید تعلیمی تصورات کے ذریعے طالب علموں کا ذہنی افق وسیع ہوسکے۔ یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود گزشتہ روز اپنے دفتر میں منعقدہ پروگرام ڈائریکٹرز کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں مفت تعلیم کے منصوبوں کے انچارج ڈائریکٹر ز سمیت مختلف افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بے وسیلہ بچوں کی تعلیم کے ذریعے بحالی کے لیے نجی شعبے کے اشتراک سے جاری کر دہ تعلیمی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے اس بات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا کہ گھروں کے نزدیک مفت تعلیمی سہولیات کی دستیابی سے سماجی و معاشی تنگ دستی کا شکارلاکھوں گھرانوں کا مستقبل محفوظ ہوا ہے اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں بھی مدد ملی ہے۔

اجلاس نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو معاشی طور پر تنگ دست گھرانوں کے لیے مضبوط علامت قرا ر دیا اور کہا کہ اس فاؤنڈیشن نے 19لاکھ ضرورت مند بچوں کی تعلیمی دستگیری کر کے اہم سماجی خدمت سرانجام دی ہے ،اس طرح 2018تک سکولوں میں سو فیصد انرولمنٹ کا ہدف حاصل کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔ طارق محمود نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے تعلیمی وژن کے تحت فروغ تعلیم کے اہداف حاصل کرنے میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اس حوالے سے نجی پارٹنر سکولوں کو بھی فائدہ پہنچا ہے اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے تعلیمی اشتراک کی بدولت نجی سکولوں کو اپنا مجموعی معیار بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ اس موقع پر مختلف پروگرام ڈائریکٹرز نے اپنے تعلیمی منصوبوں پر پیش رفت کی صورت حال سے اجلا س کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :