اساتذہ اکرام نسل نو کے ذہنوں کی آبیاری بہتر انداز میں کرسکتے ہیں، وائس چانسلر

ہفتہ 21 مئی 2016 14:57

سرگودھا۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 مئی۔2016ء) اساتذہ کی تربیت سے نہ صرف اُن کی صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے بلکہ وہ نسل ِ نو کے ذہنوں کی آبیاری بہتر انداز میں کر سکتے ہیں، اِن خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحسن ڈوگر نے لنکن کارنر، یونیورسٹی آف سرگودھامیں منعقد ہ پانچ روزہ ورکشاپ’اِن سروس،شارٹ ٹرم کورس کے اختتامی اجلاس کے دوران کیا،یہ ورکشاپ 5روز تک جاری رہی، اِس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرپروفیسر ڈاکٹرمحمد افضل، ناظم امتحانات پروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ، پروفیسر ڈاکٹرغلام حسین بھٹی، ڈائریکٹر پلاننگ شفیع اللہ مروت، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر محمد سرور ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اینڈ پبلی کیشنزڈاکٹر اعجاز رسول نورکا، ڈاکٹر رفعت النسا،ڈاکٹر بابک محمود،ڈاکٹر محمداشرف اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ظہور الحسن ڈوگر نے کہا کہ یہ ٹریننگ ہمارے اساتذہ کے اوصاف میں نکھار پیدا کرے گی اور مستقبل کے تعلیمی شعبہ جات میں اُن کی کارکردگی میں مددگار ثابت ہو گی۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر ٹریننگ ڈاکٹر مبشر ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم یونیورسٹی آف سرگودھا کو تعلیمی ٹریننگ ورکشاپس کا مرکز بنانا چاہتے ہیں اور عنقریب ایسے بہت سے پراجیکٹس کا آغاز کر رہے ہیں جس کے لیے پنجاب ہائر ایجوکیشن اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اساتذہ کرام کونہ صرف پاکستان میں بلکہ دیگرجدید ترقی یافتہ ممالک میں بھی ٹریننگ کے لیے بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن کی پالیسی ہے کہ پسماندہ علاقوں میں قائم یونیورسٹیز کو زیادہ سے زیادہ فنڈزمہیاکئے جائیں ۔ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسزپروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کہا کہ آج کے اِس کامیاب ٹریننگ سیشن کے بعد آنے والے دِنوں میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے دو مزید پراجیکٹس شروع ہو رہے ہیں جس سے ہمارے اساتذہ کرام کو جدید ٹریننگ کے حصول کا موقع ملے گا۔اس موقع پرڈائریکٹر ہم نصابی فورم جامعہ سرگودھا حافظ محمد عالم نے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ کی تعلیمی استعداد کار کو بڑھانے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر اور پنجاب ہائیر ایجوکیشن کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :