ڈاکٹر نظام الدین صوبے کی یونیورسٹیوں کا نظام تباہ کرنے کے مشن پر ہیں ۔ ڈاکٹر محبو ب حسین، ڈاکٹر سہیل آفتاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 21 مئی 2016 18:30

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔21مئی۔2016ء) :فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین ،فپواسا پنجاب چیپٹر اور یوای ٹی کی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سہیل آفتاب اور صدر پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین ڈاکٹر نظام الدین صوبے کی یونیورسٹیوں کا نظام تباہ کرنے کے مشن پر ہیں اساتذہ کو اعتماد میں لئے بغیر ان کی جانب سے یونیورسٹیوں کے سٹرکچر میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی تجویز اساتذہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ڈاکٹر نظام الدین کے بیانات وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے لئے مشکلات پیدا کر دیں گے اور ان کے تعلیمی وژن کو نقصان پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر نظام الدین مختلف فورمز پر جا کر بغیر سوچے سمجھے یونیورسٹیوں کے نظام میں غیر ضروری تبدیلیاں لانے کی باتیں کر رہے ہیں جن کی اساتذہ مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹر نظام الدین خود ایک یونیورسٹی کے وائس چانسلر تھے تو انہوں نے کبھی بھی پرو وائس چانسلر تعینات نہیں ہونے دیا اور اب یونیورسٹیوں کے معاملات میں بے جا رخنہ اندازی کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار سے ثابت ہے کہ اس ملک میں یونیورسٹیاں اپنے نظام کے تحت ترقی کر رہی ہیں اور یونیورسٹیوں میں تحقیق کے کلچر کو فروغ مل رہا ہے جبکہ دوسری جانب ڈاکٹر نظام الدین مختلف فورمز پر مسلسل یونیورسٹیوں کے نظام میں تباہ کن تبدیلیوں کا ذکر کر رہے ہیں جو کہ یونیورسٹیوں کے معیار کو گرا دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نظام الدین یونیورسٹیوں کے معاملات نہیں سمجھتے اور ان کی ذیادہ تر سروس غیر متعلقہ ہے اور بیرون ملک کی ہے۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیوں کے نظام میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی تبدیلی تجویز کی گئی تو اساتذہ اس کی سخت مخالفت کریں گے اور ایسی کوئی بھی تجویز کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :