عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے‘ چوہدری عبدالمجید

پیر 23 مئی 2016 14:53

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانیت کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے قابض غاصب حکمرانوں کو ریاستی ہتھکنڈوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے بھارتی پیرا ملٹری فورسز کو ریاستی عوام کے قتل وغارت کا جو لائسنس دے رکھا ہے اس کا فوری سدباب کروائیں وزیراعظم نے کہاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کوختم کروائے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا نفاذ،نوجوان نسل کے خلاف ٹارگٹ کلنگ،حریت قیادت کی نظر بندیاں،خواتین کے خلاف جنسی مظالم مہذب اقوام کے لیے لمحہ فکریہ ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قواعد کے مطابق بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مختلف سیاسی وسماجی وفود سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین، وزیر کالجز محمد مطلوب انقلابی، وزیر برقیات فیصل راٹھور، وزیر مال علی شان سونی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے کشمیریوں کی یہ تحریک تقسیم ہند فارمولے کی تکمیل ہے کشمیر ایشو تقسیم ہند فارمولے کا نامکمل ایجنڈا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام اس ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں اور اپنے سینوں پر گولیاں کھا تے ہوئے جگہ جگہ پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تاریخ کی لازوال قربانیاں دے کر کشمیر ایشو کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیا ہے حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے ۔پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے اور پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے کشمیریوں نے اپنی تین نسلیں قربان کردی ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ بلاول بھٹو کے آزادکشمیر جلسوں کے خطاب اور کشمیریوں کی ترجمانی نے بھارتی اقتدار کے ایوانوں کو ہلا کررکھ دیا ہے۔

پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کے مطابق کشمیریوں سے جس کمٹمنٹ کااظہار کررہے ہیں یہ اپنی وارثت میں ملی۔ مسئلہ کشمیر ہی پیپلزپارٹی کی بنیاد کی وجہ بنا اور پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیریوں کے لیے ہزار سال جنگ لڑنے کا اعلان کیا اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے ساری زندگی کشمیریوں سے کمٹمنٹ نبھائی آج پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کشمیریوں سے اسی کمٹمنٹ کی تجدید کررہے ہیں ۔

بلاول بھٹو کے جلسوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک کو ایک نیا ولولہ ملا ہے۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ہم کشمیری شہداء کے وارث ہیں کشمیری شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بلاول بھٹو پاکستان کا مستقبل ہیں اور اہل پاکستان کے دلوں کی دھڑکن اور نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں آزادکشمیر میں بلاول بھٹو کے جلسوں سے پاکستانی سیاستدانوں پر سکتہ طاری ہوگیا ہے اور انکی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ 30مئی کو میرپور میں بلاول بھٹو کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔یہ جلسہ اقتدارپرستوں کو خس وخاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا-

متعلقہ عنوان :