کونسل الیکشن‘ ”جیت گیا پیسہ ہار گئے نظریات “طارق مغل

منگل 24 مئی 2016 14:44

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء)پیپلز پارٹی کے رہنماء طارق مغل نے کہا ہے کہ کشمیر کونسل کے انتخابات میں ”جیت گیا پیسہ ہار گئے نظریات “ کے مصداق ایک ممبر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بھیڑی کے ایک ایسے سرمایہ دار کو بھاری رقم کے عوض ممبر بنایا گیا جس کا پی پی سے دور تک کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میر محمد یونس شروع سے مسلم کانفرنس کے ساتھ وابستہ رہے ۔

پیسہ کے زور پر ان کو ممبر کشمیر کونسل بنا کر پارٹی کے نظریا ت کو عملاً دفن کردیا گیاہے۔حقیقی جیالے ان کے ممبر بننے پر جیالے ماتم کررہے ہیں اور ایک مخصوص پیسہ پرست ٹولہ اپنے مفادات کی خاطر ضرور دکھاوے کا جشن منا رہا ہے۔ میر محمد یونس ایک سرمایا دار اور سرمایا کار ہیں۔ انہوں نے رشوت کے طور پر جو بھاری سرمایا لگا کر کشمیر کونسل میں سرمایا کاری کی ہے ایک دو سال میں سود سمیت واپس لوٹ لیں گے۔

(جاری ہے)

میرا پی پی قیادت سے سوال ہے کہ جو اتنا بھاری پیسہ لگا کر ممبر بنے گا وہ کونسل کے فنڈز کا درست استعمال کیسے کرسکتا ہے؟ وہ پورے پانچ سال کمیشن کے طور پر اپنے ووٹرز کو برابر حصہ دیتا رہے گا۔ منصوبوں اور عوام کا تو اللہ ہی حافظ ہوگا۔ حقیقی جیالے ان کے ممبر بنے پر خون کے آنسو رو رہے ہیں تاہم ان کو بہترین سرمایا کاری پر ہم مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

قیادت یہ بھی بتائے کہ اگر حلقہ ایک کو کشمیر کونسل کا ٹکٹ دینا تھا تو کیا وہاں پرویز اختراعوان جیسا بھٹواور بی بی شہید کا سپاہی جیالہ کارکن موجود نہ تھا ؟ حقیقی جیالے تھے تو ہی پانچ سال قبل جاوید ایوب کو کامیاب بنایا ۔ کیا جیالے جاوید ایوب کیساتھ تین دہائیوں سے اب تک چٹان کی طرح کھڑے نہ تھے اگر نہ تھے جاوید ایوب کیسے ممبر اسمبلی بنیں ۔میں آنے والے دنوں میں مزید حقائق سے پردہ اٹھاؤں گا۔