پیپلز پارٹی اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی

ایل اے 141ویلی 6سے پیپلز پارٹی کے متوقع امیدوار قانون ساز اسمبلی خواجہ ناصر الدین چک کی پریس کانفرنس

منگل 24 مئی 2016 14:45

ہٹیاں بالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) ایل اے 141ویلی 6سے پاکستان پیپلز پارٹی کے متوقع امیدوار قانون ساز اسمبلی خواجہ ناصر الدین چک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی وہ گزشتہ روز ہٹیاں بالا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا پارٹی کو ایل اے 141حلقہ 6ویلی صوبہ خیبر پختون خواہ سے ٹکٹ کے لئے درخواست دی ہے جس پر پارٹی نے مجھے ٹکٹ دینے کا گرین سگنل دے دیا ہے جلد انتخابی مہم کا آغاز کرؤں گا انہوں نے کہا عوامی خدمت کے جذبہ سے میدان سیاست میں آیا ہوں اور اسی جذبہ کے ساتھ انتخابی میدان میں اترا ہوں ویلی کے عوام سے ماضی مییں بہت سی نا انصافیاں ہوئی اگر ویلی میں مقیم مہاجرین نے میرا ساتھ دیا تو ان کی تمام مایوسیوں اور محرومیوں کا ازالہ کرؤں گا سیاسی کارکن عوام کا خدمت گار ہوتا ہے پیپلز پارٹی کا قیام بھی غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑنا تھی جو پیپلز پارٹی اب تک لڑ رہی ہے انہوں نے کہا اللہ نے موقع دیا تو عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھوں گا جلد ہٹیاں بالا سے مزار پیر سید سکندر شاہ پر فاتحہ کے بعد انتخابی مہم کا آغاز کر دؤں گا انہوں نے کہا کشمیر کونسل کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے جو ممبران اسمبلی بکے ہیں ان کے خلاف فوری کاروائی ہونا چاہیئے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس فوری نوٹس لیتے ہوئے ان ممبران کو ہمیشہ کے لئے انتخابات سے نا اہل قرار دیں تا کہ آئندہ کسی کو بھی ایسی گھٹیا حرکت کرنے کی ہمت نہ ہو انہوں نے کہا اپوزیشن لیڈر نے اگر انہیں طوائف کہا تھا تو پھر ان کو ان ممبران اسمبلی کو اپنی جماعت میں کسی طور پر شامل نہیں کرنا چاہئے تاکہ آئندہ یہ عمل نہ ہو سیاسی وفاداریاں پیسوں کے عوض تبدیل کرنے والے بے ضمیر لوگ ہیں جو ہر دور میں اپنے ضمیروں کا فیصلہ کرتے ہیں