وزیراعظم آزادکشمیر میرپور کے سپوت ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے قائداعظم سٹیڈیم میرپور کو بلاول بھٹو زرداری جلسے کی نظر نہ کریں‘ میرپور سے پیپلزپارٹی کی واراثت کے دعویدار پہلے میرپور شہر کے وارث بنیں اور میرپور کے اثاثوں کا تحفظ کریں

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے سیکرٹر ی مالیات و امیدوار اسمبلی چودھری محمد سعیدکی بات چیت

منگل 24 مئی 2016 14:45

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹر ی مالیات و امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے تھری میرپور چودھری محمد سعیدنے کہاہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر میرپور کے سپوت ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے مدتوں بعد تیار ہونے والے قائداعظم سٹیڈیم میرپور کو بلاول بھٹو زرداری جلسے کی نظر نہ کریں۔ میرپور سے پیپلزپارٹی کی واراثت کے دعوئے دار پہلے میرپور شہر کے وارث بنیں اور میرپور کے اثاثوں کا تحفظ کریں۔

قائداعظم ا سٹیڈیم میرپور کو حالیہ دنوں میں بھاری رقم لگا کر رینویشن کرکے نوجوانوں کے لیے کھیلنے کے قابل بنایا گیا۔کرکٹ اسٹیڈیم کا استعمال صرف بطور کرکٹ گراونڈ ہی ہونا چاہیے۔شہر کے اندر اور باہر بے شمار ایسی جگہیں موجود ہیں جہاں پر پیپلز پارٹی اپنا جلسہ منعقد کروا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی موجود ہ حکومت تعلیم اور کھیل کی فیلڈ میں نوجوانوں کا پہلے ہی بہت استحصال کر چکی ہے اور اب میرپور کی پہچان قائداعظم ا سٹیڈیم میں نوجوانوں کے لیے بھاری رقم سے بین اقوامی معیار کی بنائی گی سات کرکٹ وکٹوں اور فیلڈ گراونڈ کو حکومت اپنے آقاؤں کی خوشنودی کے لیے مخص ایک جلسے کے لیے قربان کررہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی آزادکشمیر میں موجودہ حکومت سرکاری وسائل اور اختیارات کا بے جااستعمال کررہی ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔