ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں،اسطرح کے اقدامات سے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔آرمی چیف کا دوٹوک پیغام

اس نوعیت کے حملے پاک امریکہ تعلقات اورپاکستان کی سالمیت کے خلاف جبکہ امن عمل کیلئے نقصان دہ ہیں،پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کاوشیں،قربانیاں،کامیابیاں اور عزم غیر متزلزل ہے۔جنرل راحیل شریف کی امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے گفتگو۔۔۔آرمی چیف نے آرمڈ فورسز کے امراض چشم سینٹر کا دورہ بھی کیا،جہاں پرآرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں بصارت سے محروم فوجی جوانوں سے ملاقات کی،قومی ہیروز نے قائداعظم کے پاکستان کو حقیقیت کا روپ دینے کیلئے اپنی بینائی قربان کر دی،ہم ہار مانیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے۔آرمی چیف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 مئی 2016 12:16

ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں،اسطرح کے اقدامات ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی2016ء) : آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے آج جی ایچ کیوراولپنڈی میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے نوشکی میں امریکی ڈرون حملے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے حملے پاک امریکہ تعلقات اورپاکستان کی سالمیت کے خلاف جبکہ امن عمل کے لیے نقصان دہ ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کاوشیں، قربانیاں، کامیابیاں اور عزم غیر متزلزل ہے۔ آرمی چیف نے ملاقات میں مزید کہا کہ اس قسم کے حملے خطے کے استحکام کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔آرمی چیف نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے امریکی سفیر کو دو ٹوک پیغام دیا کہ ایسے اقدامات پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

اس قسم کے اقدامات سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل پر یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششیں بے مثال ہیں جبکہ ان اقدامات سے خطے میں استحکام اور جاری امن عمل متاثر ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے بھی ڈرون حملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا جبکہ گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی نوشکی میں امریکی ڈرون حملے کو غیر اخلاقی اور ناقابل قبول قرار دیا تھا۔

بعدازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمڈ فورسز کے امراض چشم سینٹر کا دورہ کیا،جہاں پرآرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب کے دوران بصارت سے محروم ہونے والے جوانوں سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے فوج کے جوانوں اور جنگی ہیروز کی کامیابیوں ، قربانیوں اور جرات کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ہم ہار مانیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے۔

دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ کو بحالی بصارت کی سٹیٹ آف دی آرٹ مرکز کے پائلٹ پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ جہاں بصارت سے محروم فوجیوں کی بحالی کیلئے کمپیوٹر آئی ٹی لیب بریل سسٹم ووکیشنل اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ قومی ہیروز بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

جنہوں نے قائداعظم کے پاکستان کے ویژن کو حقیقیت کا روپ دینے کیلئے اپنی بینائی قربان کر دی۔اس موقعہ پرجنرل راحیل شریف اے ایف آئی او میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی طرف سے زخمیوں کی دیکھ بھال اور علاج کے اعلیٰ معیار کر سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دوران بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں اب تک179جوان جزوی اور مکمل طور پر نابینا ہو چکے ہیں۔

جبکہ اس وقت اے ایف آئی او میں قوم کے 56 بہادر سپوت زیر علاج ہیں جن میں سے 30 فوجی دونوں آنکھوں سے محروم ہو چکے ہیں آرمی چیف نے زخمیوں کے ساتھ کافی وقت گزارا اور انکی خیریت دریافت کی۔قبل ازیں اے ایف آئی او آمد پر ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل انور علی خیدر اور سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل سید عمران مجید کی طرف سے آرمی چیف کا استقبال کیا گیا۔

ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں،اسطرح کے اقدامات ..