بھارتی فوج نے ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونے والے کشمیری صحافیوں کو تقریب سے نکال دیا

بدھ 25 مئی 2016 13:33

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ایک سرکاری تقریب کے دوران بھارتی ترانے اور پرچم لہرائے جانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونیوالے دوکشمیری صحافیوں کونکال دیا گیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر لائیٹ انفینٹری رجمنٹ کے Rangrethسینٹر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران بھارت کا ترانہ بجایا گیا اور پرچم لہرایا گیا جس کے احترام میں دو صحافیوں کو کھڑے نہ ہونے پر فوجی افسر نے تقریب سے باہر نکال دیا۔

(جاری ہے)

انگریزی روزنامے کشمیر ریڈیر کے رپورٹر جنید بزاز نے بتایا کہ فوج نے انہیں تقریب کی کوریج کیلئے بلایا تھا نہ کہ اس میں شرکت کیلئے ۔ انہوں نے کہاکہ جب بھارتی ترانہ بجایاگیا تو وہ اپنی خبر کے پوائنٹس نوٹ کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ترانہ ختم ہونے پر ایک فوجی کرنل غصے میں انکے پاس آیا اور انہیں کہاہے کہ ہمیں تمہارے جیسے لوگوں کی کوئی ضرورت نہیں تم جاسکتے ہو۔روزنامہ رائزنگ کشمیر سے تعلق ایک اور صحافی کو بھی اسی طرح کے سلوک کا نشانہ بنایا گیا ۔