سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر کھنہ اور سوہان انٹرچینجز کی تعمیر کا ٹھیکہ ”زیڈکے بی“ کمپنی کو دیدیا

بدھ 25 مئی 2016 16:12

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے ) نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر کھنہ اور سوہان انٹرچینجز کی تعمیر کا ٹھیکہ زیڈکے بی کمپنی کو دیدیا جس پر کام آئندہ دو ہفتوں تک شروع کیا جائے گا۔ سی ڈی اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد محمود نے بدھ کو ” اے پی پی“ کو بتایا کہ سی ڈی اے نے کھنہ اور سوہان انٹرچینجز کے ٹینڈرکھول دئیے ہیں اور اس کا ٹھیکہ زیڈکے بی کمپنی جو کورال انٹرچینج پر کام کر رہی ہے، کو دیدیا گیا ہے۔

اس پر2 ارب 25کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔ دونوں انٹرچینچز پر کام آئندہ 2ہفتے تک شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان روڈ اور جی ٹی روڈ انٹرچینجز اور روڈز کی توسیع پر کام آئندہ مالی سال میں شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کورال انٹرچینج پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے تاہم بعض اداروں کی جانب سے سی ڈی اے کو رکاوٹ کا سامنا ہے، کورال انٹرچینج پر کام آئندہ پانچ ماہ تک مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورال انٹرچینج پر تین انڈر پاسسز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں جس میں ایک انڈر پاس پرکنکریٹ ڈال دیاہے جبکہ دوسرے انڈر پاس پر کنکریٹ آئندہ ہفتہ تک ڈال دیا جائے گا اسی طرح تیسرے انڈر پاس پر بھی کام کا آغاز جلد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر سی ڈی اے نے پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف چار رویہ 4 کلو میٹر روڈ کی تعمیر اور آئی ایٹ چوک پر انٹرچینج کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا ہے جس پر ٹریفک رواں دواں ہے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے پر روڈز کی توسیع کے ساتھ ساتھ انڈر اور اوور پاسز کی تعمیر، جدید ٹریفک سینٹرز کا قیام اور سیکیورٹی سسٹم کی تنصیب بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات کے پیشِ نظر اور اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور جیسا میگا پراجیکٹ ممکن ہوا ہے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈورکے منصوبے میں زیرو پوائنٹ سے روات تک 25 کلو میٹر روڈ مکمل کیا جائے گا، اس منصوبے پر تقریباً 21.8 ارب روپے لاگت آئے گی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر گلبرگ گرین ہاؤسنگ سوسائٹی روڈز کی توسیع، انڈر پاس اور سلپ ٹرن کے منصوبے پر 75فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی 25 فیصد کام آئندہ ماہ تیس جون تک مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے پر گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی اپنے اخراجات اور سی ڈی اے کے تعاون سے کام کر رہی ہے۔