سکول کھلے رکھنے پر 30 سے زائد سکولوں کو شوکازنوٹس جاری

شہرمیں40 سے زائد ٹیمیں سکولوں پر چھاپے ماررہی ہیں، احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کو سیل کردیا جائیگا،ای ڈی او

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 25 مئی 2016 18:17

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 25 مئی۔2016ء ) محکمہ سکول ایجوکیشن حرکت میں آگیا سکول کھلے رکھنے پر 30 سے زائد سکولوں کو شوکاز نوٹسز جاری کر دئیے گئے جبکہ درجن سے زائد سکولوں کو وارننگ جاری کرنے کے بعد سکول بند کروا دئیے گئے تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے شدید گرمی اوربڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات ایک ہفتہ قبل کرنے کے احکاما ت جاری کرتے ہوئے 24 مئی سے 15 اگست تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے لیکن پرائیویٹ سکولز مالکان نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور سکولز کھلے رکھے اکثر سکولوں میں بچوں کو گھروں میں ٹیلی فون کر کے سکول بلوایا گیا جبکہ کئی سکولوں میں بچوں کورنگین کپڑے پہن کر سکول آنے کی ہدایات جاری کی گئیں محکمہ سکول ایجوکیشن کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 30 سے زائد سکولوں کو شوکاز نوٹسز جاری کئے اور درجن سے زائد سکولوں کو وارننگ جاری کرنے کے بعد بند کروا دیا گیا شوکاز نوٹسز جن سکولوں کو جاری کئے گئے ان میں کینٹ پبلک سکول ،کانونیٹ میری ،نیو کسٹم پبلک سکول ،برٹش سکول سسٹم ،لیپس ،پاک ترک سکول ،برائٹ وے ،،علی عظمت فاؤنڈیشن،رہبر سکول ،برٹش سکول سسٹم،ویلکم پبلک سکول ،علامہ اقبال ہائی سکول اور دیگر سکول شامل ہیں ،کپس ،بلوم فیلڈ لرننگ الائنس ،سلامت سکول اور لاہور لائیسم سکول کو وارننگ جاری کرنے کے بعد بند کر دیا گیا اس حوالے سے جب ای ڈی او طارق رفیق سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا سکول کھلے رکھنے پر 30 سے زائد سکولوں کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے انہوں نے کہاکہ شہرمیں40 سے زائد ٹیمیں سکولوں پر چھاپے ماررہی ہیں اور ہم کسی بھی صورت احکامات کی خلاف ورزی نہیں کرنے دینگے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کو سیل کردیا جائیگا اور ان کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائیگی اور اس میں کسی بھی قسم کی رعایت نہیں کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :