فیصل آباد،ضلع میں چالیس ہزار ایکٹر رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت

بدھ 25 مئی 2016 22:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مئی۔2016ء) ضلع میں چالیس ہزار ایکٹر رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کی جاچکی ہے اور کپاس کی فصل کی بوائی کا عمل31 مئی تک مکمل کرلیا جائے گا ۔یہ بات ای ڈی او (زراعت)چوہدری عبدالحمید نے چک نمبر272 رب میں محمد اشفاق نمبردار کے ڈیرہ پر کپاس کے کاشتکاروں کے لئے منعقدہ تربیتی پروگرام کے دوران بتائی۔محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکار بڑی تعداد میں اس موقع پر موجود تھے۔

ای ڈی او زراعت نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے کسان دوست اقدامات کے تحت ضلع میں کپاس کے کاشتکاروں کو پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لئے تربیتی پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ کپاس کی فصل کی اچھی پیداوار کے لئے فصل کو رس چوسنے والے کیڑوں سے محفوظ رکھیں اور باالخصوص سفید مکھی اور گلابی سونڈی سے بچانے کے لئے سفارش کردہ ادویات کا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے‘کھادوں کا متوازن استعمال کریں اور گرمی میں شدت کے باعث پانی کی کمی کی علامات ظاہر ہونے پر فصل کو فوری پانی دیں ۔انہوں نے کاشتکاروں کے بعض مسائل بھی سنے اور محکمہ زراعت کے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔ای ڈی او زراعت نے چک نمبر271 رب میں کاشتکار غلام مرتضی کے کھیت میں کپاس کی کاشت فصل کا بھی معائنہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :