30 مئی کو کشمیرکی سرزمین پرایک بار پھر ذوالفقار بھٹو شہیداور بینظیربھٹو شہید کی صداگونجے گی،چودھری عبدالمجید

جمعرات 26 مئی 2016 16:20

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ 30 مئی کو کشمیرکی سرزمین پرایک بار پھر ذوالفقار علی بھٹو شہیداور بینظیربھٹو شہید کی صداگونجے گی۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری میرپورمیں کشمیرکی آزادی اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرینگے۔

میرپورکے عوام ان کا والہانہ استقبال کرکے ثابت کریں گے کہ پیپلزپارٹی کے بانی شہیدذوالفقار علی بھٹو نے کشمیرکی آزادی کیلئے ایک ہزار سال کا نعرہ لگایاتھا وہ آج بھی کشمیری قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔ شہید جمہوریت بینظیر بھٹو نے میرپور کومیڈیکل کالج کا تحفہ دیا۔ میرپور کیلئے ایئرپورٹ کا اعلان کیا۔ یہ میرپورکے عوام اور تارکین وطن پرشہیدجمہوریت کا احسان عظیم ہے۔

(جاری ہے)

شہید جمہوریت نے شہیدذوالفقارعلی بھٹو کی طرح ساری سیاسی زندگی میں کشمیریوں سے کمٹمنٹ نبھائی اور کشمیرایشوکو انٹرنیشنلائز کیا۔ وزیراعظم یہاں میڈیانمائندگان سے بات چیت کررہے تھے۔مشیرحکومت شوکت راجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیرمیں پارٹی لیڈرشپ کے ویژن کو عملی جامع پہنایا۔

آزادکشمیر میں میگاپراجیکٹس دیئے۔ آزادکشمیرکے عوام کوتعلیم اور صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز پرپہنچائیں۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے غریب اور بے سہاراعوام کے بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے۔ پیپلزپارٹی کے میگاپراجیکٹس ہمارے مخالفین کوہضم نہیں ہورہے۔ آج ایسے ایسے لوگ بھی بھانت بھانت کی بولیا ں بول رہے ہیں جنھیں پیپلزپارٹی کے صدقے وزارت عظمیٰ ملی۔

وہ اپنے دورمیں میرپورکے عوام کو کوئی میگاپراجیکٹس نہ دے سکے۔ وہ کس منہ سے جمہوریت اور میرپورکے عوام کے حقوق کی بات کرتے ہیں۔ جو بندہ ایک پارٹی کا وفادارنہیں ہوسکتا وہ عوامی حقوق کی جنگ کس پلیٹ فارم سے لڑے گا۔ یہی حال پانامہ لیگ والوں کا ہے وہ ہماراکیامقابلہ کریں گے جن کی قیادت آج آصف علی زرداری کی منتیں کررہی ہے کہ ہمیں بچایاجائے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوامی حقوق کی محافظ ہے عوام کے حقوق پرکسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وفاقی وزراء کے کندوں پرسوار ہوکر الیکشن میں کامیابیاں نہیں ملاکرتی۔ بلکہ عوام کے قدموں میں بیٹھ کرلوگوں کے دلوں پرحکومت کی جاتی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیرنے اہل میرپورسے پرزوراپیل کی کہ وہ 30 تاریخ کو بلاول بھٹو کے جلسہ میں بھرپورطریقے سے شرکت کریں ۔ انھوں نے کہاکہ قائد اعظم اسٹیڈیم میں لوگوں کے بیٹھنے کی جگہ نہیں رہے گی اتنی عوام ہوجائے گی۔ انھوں نے کہاکہ شہیدذوالفقارعلی بھٹو نے 1973 میں اور بی بی شہید نے 1992 میں اسی جگہ عوام سے خطاب کیاتھا30 تاریخ کو بلاول ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کی یاد تازہ کرینگے۔

متعلقہ عنوان :