ایچ ای سی کی جانب سے آل پاکستان بین الجامعاتی تقریری مقابلے کا انعقاد

پنجاب یونیورسٹی نے انگریزی، الحمد اسلامک یونیورسٹی نے اردو مقابلوں میں علامہ اقبال شیلڈ جیت لیا

جمعرات 26 مئی 2016 19:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء) اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ا ی سی) نے جمعرات کے روزاٹھارویں کُل پاکستان بین الجامعاتی تقریری مقابلے کا انعقاد کیا جس میں پنجاب یونیورسٹی اور الحمد اسلامک یونیورسٹی نے بالترتیت انگریزی اور اردو مقابلوں میں علامہ اقبال شیلڈ جیت لی۔ وزیرمملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجنئیر بلیغ الرحمان نے اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے جبکہ چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور طلباء بھی موجود تھے۔

تقریری مقابلے میں کُل تیس طلباء نے شرکت کی جبکہ مقابلوں کو دو کیٹگریزیعنی انگریزی اور اردو میں تقیم کیا گیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے شِہان ظفر نے انگریزی جبکہ الحمد اسلامک یونیورسٹی کے عماد شکیل نے اردو مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

انگریزی مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی کی مِس رمیشہ خان نے دوسری اورگورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے عبد الحنان نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اردو مقابلوں میں یو ای ٹی لاہور کے عبداﷲ عمران اور پریسٹن یونیورسٹی کوہاٹ کے تقی جوّاد بالترتیت دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجنئیر بلیغ الرحمان نے کہا کہ ایسے مقابلوں سے طلباء کی ذہنی استعداد میں اضافہ ہوتا ہے اور ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ امید کا دامن تھامیں کیونکہ امید کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے بہت اہم ہے جبکہ ناامیدی اقوام کی تباہی کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اس لئے میڈیا کو مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ مثبت پہلوؤں کو بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013تک دہشت گردی نے ملک کو یرغمال بنا رکھا تھا لیکن اب حالات بہتر ہو چکے ہیں اور دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اس سال سے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو 60,000روپے کی بجائے ایک لاکھ نقد انعام دیا جائیگا جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو 50,000اور40,000روپے انعام کی بجائے بالترتیب 75,000اور 50,000روپے نقد انعام دیا جائیگا۔سابقہ ڈی جی ایل آئی ایچ ای سی مس نور آمنہ ملک، سینئیر صحافی ایس منور ایچ نقوی ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ نقوی اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہینہ ایوب بھٹی نے ججز کے فرائض سر انجام دیے۔

متعلقہ عنوان :