رمضان المبار ک میں اورنج لائن پر کام کے دوران بجلی کا شٹ ڈاؤن ہر گز مت کیا جائے ‘وزیر اعظم کی ہدایت

تعمیراتی کام والے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر نو کا کا م 30جون تک مکمل کر لیا جائے ‘خواجہ ا حمد حسان کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 26 مئی 2016 20:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) وزیر اعظم محمدنواز شریف نے خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کی سہولت کو ترجیح دی جائے‘ اورنج لائن منصوبے کے دوران تنصیبات کی منتقلی کے لئے بجلی کا شٹ ڈاؤن ہر گز مت کیا جائے اور سوئی گیس ‘ واسا اور پی ٹی سی ایل سمیت تمام دیگر محکمے بھی سروسزکی سپلائی متاثر کرنے والے ضروری کام ماہ مبارک کے آغاز سے قبل مکمل کر لیں،یوٹیلٹی سروسز مہیا کرنے والے تمام محکمے اورنج لائن روٹ کے قریب واقع علاقوں میں اپنے سسٹم کو ہر لحاظ سے فعال رکھنے کے لئے تمام ضر وری اقدامات کریں ۔

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے بنائی جانے والی سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے اس امر کا انکشاف گزشتہ روز منصوبے پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کرنے والے مزدور اور دیگر افراد خراج تحسین کے مستحق ہیں جو شہریوں کی سہولت کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں ۔

منصوبے کے تمام کنٹریکٹرز اپنے اپنے مزدورں کی سیفٹی ہر قیمت پر یقینی بنائیں ‘ بالخصوص ان کے رہائشی مقامات کے ارد گرد کے ماحول پر خصوصی نظر رکھیں ۔انہو ں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب گزشتہ روز سات مزدورں کی شہادت پر دلی طور پر افسردہ ہیں ۔کنٹریکٹر زاپنے مزدورں کا ہر طرح سے خیال رکھیں۔خواجہ ا حمد حسان نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام والے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر نو کا کا م 30جون تک مکمل کر لیا جائے‘ مختلف محکموں ان سڑکوں پر واقع اپنے مین ہولز کی نشاندہی کر لیں اور سڑکوں کی تعمیر کے بعدان مین ہولز کی سطح ضروری حد تک بلند کرنے کے لئے ضروری انتطاما ت کریں ۔

منصوبے سے وابستہ تمام محکمے ‘ کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹرز ایک دوسرے کی بھر پور معاونت کریں اور تعمیراتی کام کے حوالے سے تمام اہداف شیڈول کے مطابق مکمل کئے جائیں ۔ انہو ں نے نیسپاک کنسلٹنٹ کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ موسم برسات کے دوران پراجیکٹ ایریا سے فوری نکاسی آب ممکن بنانے کے لئے واسا اور ایل ڈی اے کی مشاورت سے جامع ڈرینیج پلان تیار کریں تا کہ کسی بھی جگہ پر پانی زیادہ دیر کھڑا نہ ہو ۔

اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ منصوبے پر کام تسلی بخش طور پر جاری ہے‘ منصوبے کا 30فیصد سے زائد کام مکمل کیا جا چکا ہے ‘ اورمختلف مقامات پر اورنج لائن ٹرین کے سٹیشنوں کی تعمیر بھی شروع ہو چکی ہے ۔اجلاس میں ایم پی اے چوہدری شہباز احمد‘ کمشنر لاہور عبد اﷲ خان سنبل ‘ ڈی سی او محمد عثمان ‘ چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ‘ ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس اور دیگر متعلق محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :