رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمکہ میں50 لاکھ زائرین کی آمد، نئے سکیورٹی کیمرے نصب

جمعرات 26 مئی 2016 20:44

رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمکہ میں50 لاکھ زائرین کی آمد، نئے سکیورٹی ..

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء ) مکہ مکرمہ میں سکیورٹی کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کی مشتبہ نقل وحرکت کی نگرانی کے لیے چودہ نئے سکیورٹی کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں۔سکیورٹی حکام نے مکہ مکرمہ اور مسجد الحرام کے ارد گرد چودہ نئے سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا ہے۔اس منصوبے کا مقصد عازمین حج اور عمرہ ،شہر کے مکینوں اور زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

مکہ میں سکیورٹی امور کے سربراہ سعود بن جلوی نے بتایا ہے کہ ان کا مرکز جدید ٹیکنالوجی سے مکمل طور پر لیس ہے اور جہاں ضرورت کے مطابق عملہ بھی دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کسی ہنگامی صورتحال میں911 نمبر پر ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔یہ مرکز رمضان کے آغاز تک مکمل طور پر کام کرنا شروع کردے گا۔

(جاری ہے)

ہمارے ملازمین اعلیٰ تربیت یافتہ ہیں اور ہماری سکیورٹی کی تنصیبات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں- انہوں نے مزید بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے ترقیاتی کمیشن نے لوگوں کی مکہ میں آمد کی نگرانی کے لیے ڈیڑھ سو ٹاورز میں نئے آلات نصب کیے ہیں۔

اس کے علاوہ کمیشن آیندہ حج سیزن سے قبل مختلف منصوبوں کو پایہ تکمیل کو پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔کمیشن پیدل چلنے والوں کو سورج کی تپش سے بچانے کے لیے چھتریاں نصب کررہا ہے اور وہاں کرسیاں بھی لگائی جارہی ہیں تاکہ وہ ان پر بیٹھ کر کچھ دیر سستا سکیں۔کمیشن نے میٹرو ٹرین پر بیک وقت سفر کرنے والوں کی حد تیس ہزار مقرر کردی ہے تاکہ بوگیوں میں رش نہ لگے۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ جمرات تک پہنچنے کے لیے مزید شاہراہیں بنا دی گئی ہیں۔جمرات کو العزیزیہ سے ملانے والی صدقی شاہراہ پر پل پر ایک نیا راستہ بھی بنایا جارہا ہے اور کمیشن نے منیٰ میں ایک ہزار سکیورٹی کیمرے نصب کردیے ہیں۔