رمضان المبارک اور بجٹ کی آمدکے ساتھ ہی مہنگائی میں اضافہ ہوگیاہے‘میاں مقصوداحمد

پورے پنجاب میں سستے رمضان بازار قائم کیے جائیں اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں ارکان پارلیمنٹ کی طرح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کیاجائے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 26 مئی 2016 20:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ رمضان المبارک اوربجٹ کی آمد کے ساتھ ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ ہوچکا ہے مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے،غریب عوام کے لئے دووقت کی باعزت روٹی کمانابھی مشکل بنادیا گیا ہے،ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں گراں فروشی کے خلاف بے بس نظر آتی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خوری اورذخیرہ اندوزی کے خلاف کسی قسم کی تادیبی کاروائی نہیں کی جارہی۔اگر کہیں ملزموں کو پکڑبھی لیاجاتاہے تو معمولی جرمانہ کرکے پھر سے عوام کو لوٹنے کے لئے چھوڑدیاجاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے رمضان پیکیج کااعلان توہرسال کردیاجاتاہے مگر اس کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچتے۔

(جاری ہے)

حکومتی ذمہ داران ہی خردبرد کرلیتے ہیں جبکہ ان پیکیجز کاصرف20سے30فیصد ہی عوم تک پہنچ پاتا ہے۔سستے بازاروں میں اشیاء ضروریہ ناقص،غیرمعیاری اور زائد المیعاد کی شکایات عام ہیں۔چیک اینڈ بیلنس کاکوئی واضح نظام موجود نہیں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ جس تناسب سے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں اور مراعات بڑھائی جارہی ہیں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کیاجائے۔

مہنگائی کے ستائے عوام اس کے زیادہ مستحق ہیں۔عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے تین برس پورے کرنے جارہی ہے مگر عوامی مسائل میں کمی نہیں ہوئی۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والاشخص مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہے۔حکومت کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں312سستے رمضان بازارناکافی ہیں۔پورے پنجاب میں بڑی تعداد میں سستے رمضان بازار قائم کیے جائیں اور یہ یقینی بنایاجائے کہ رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش سستے داموں لوگوں کودستیاب ہوسکیں۔