افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی سی بلوچستان میں دہشتگردی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے ،میر سرفرازبگٹی

گرفتار دہشتگردوں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ، وقت آگیا افغان مہاجرین اپنے ملک واپس چلے جائیں ، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 26 مئی 2016 21:21

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنماء میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی سی بلوچستان میں دہشتگردی ٹارگٹ کلنگ کرنے میں ملوث ہے ، ہم نے 6دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا جو کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث رہے ہیں ان میں ٹارگٹ کلرز محبوب خان ، اور عصمت اﷲ شامل ہیں جبکہ بم دھماکوں میں عبداﷲ ، احمد اﷲ ، نور محمد، شفیق شامل ہیں ۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو سول سیکریٹ میں جمالی آدٹیو ریم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ایف سی ہیڈ کوار ٹر کے کرنل عزیز بھی موجو د تھے صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ افغان مہاجرین اپنے ملک واپس چلے جائیں ہم ان کی مہمان نوازی کرتے کرتے تھک گئے ہیں ایسا نہ ہوں کہ بلوچ پشتون ، اور دیگر اقوام افغان مہاجرین کو دھکے مار کر بلوچستان سے نکال دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغانستان کے تین جرنل ، جنرل رحیم ، جنرل مالک اور جنرل مومن پاکستان میں دہشتگردی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر دہشتگردی جو ہو رہی ہے اس کی نگرانی کرتے ہیں جن افراد کو ہم نے گرفتار کیا ہے ۔انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے کہ ہم لاکھوں روپے لے کر بلوچستان میں امن وامان کو خراب کرتے تھے ۔اور ٹارگٹ کرتے تھے ہمیں ( را ) کی طرف سے مکمل حمایت شامل تھی ۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ نادرا بلوچستان کے سربراہ ایماندار اور اچھے آدمی ہے ۔انہوں نے ہمارے اتحادی کے بارے میں اپنے ہیڈ کوارٹر میں جو شکایت کی ہے ہم اس کے بارے میں بھی معلومات حاصل کر رہے ہیں ویسے اس بارے میں نادرا نے اپنے ہیڈ کوارٹر کو جو لکھا ہے وہ ہمارے اتحادی ہی اس کا جوا ب دے سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ افغان مہاجرین 30سے 40ہزار روپے دے کر شناختی کارڈ حاصل کرلیتے ہیں صوبے میں امن وامان خراب کرنے میں افغان مہاجرین ملوث ہے جنہوں نے شناختی کار ڈ حاصل کئے ہوئے ہیں اب ہم ان کو مزید برداشت نہیں کر سکتے ۔

اسلئے افغان مہاجرین جتنی جلتی ہوسکے اپنے ملک چلے جائیں ورنہ بلوچ پشتون اور دیگر اقوام کو ان کو دھکے مار کر اپنے ملک سے نکال دینگے ۔انہوں نے کہاکہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ بلوچستان میں امن وامان خراب کرنے میں افغان مہاجرین ملوث ہیں اب ثابت ہوگیا ہے کہ وہ لوگ اس میں ملوث ہے بم دھماکے کرانے میں ان کا ہاتھ ہیں اور صوبے میں امن وامان خراب کرنے کیلئے افغان حکومت راہ کے ساتھ ملک کر یہاں پر ٹارگٹ کلنگ کر رہی ہے تاکہ صوبے میں امن وامان خراب ہو مگر ہم کسی صورت میں امن وامان کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے حکومت عوام کی جان ومال کا مکمل تحفظ کرے گی ۔