تباہ کن زلزلہ کے بعد ملکی و غیر ملکی فلاحی اداروں نے متاثرین کی بحالی کیلئے جو خدمات سرانجام دیں و ہ کشمیری کبھی فراموش نہیں کر سکتے‘کمشنر پونچھ ڈویژن

جمعہ 27 مئی 2016 15:12

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) کمشنر پونچھ ڈویژن ظفر محمود خان نے کہا ہے کہ 2005ء کے تباہ کن زلزلہ کے بعد ملکی و غیر ملکی فلاحی اداروں نے متاثرین کی بحالی کیلئے جو خدمات سرانجام دیں و ہ کشمیری کبھی فراموش نہیں کر سکتے ،قربانی ، ایثار ، بھائی چارے اور انسانی خدمت کی ایسی مثالیں قائم ہوئیں جس کے ہمارے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے اور متاثرین کو زندگی کی نئی راہیں متعین کرنے کا موقع ملا، قدرتی آفات سے جہاں انسانوں کو بے پناہ مسائل اور آزمائشوں سے گزرنا پڑتا ہے وہاں بین المذاہب ، بین الاقوامی ہم آہنگی کے مواقع بھی میسر آتے ہیں ،ایک دوسرے کے تجربات کا تبادلہ انسانوں کی بھلائی کا باعث بنتا ہے ، زلزلہ کے بعد اوباس کوریا نے پاکستان کونسل فارسوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس کے تعاون سے آزادکشمیر بالخصوص پونچھ اور باغ میں جو خدمات انجام دیں وہ قابل ستائش ہیں ، یہ بات انہوں نے راولاکوٹ کے دورہ پر آنے والے اوباس کوریا کے تین رکنی وفد کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اوباس کوریا کے وفد میں پارک جے چول سربراہ شعبہ بین الاقوامی تعاون ، کیوسینگ او پراجیکٹ آفیسر ، یانگ سیم کم آفیسر تعلقات عامہ شامل تھے ، اس موقع پر پاکستان کونسل فار سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئر مین محمد اعجاز نوری ، سابق ممبر اسمبلی پنجاب طاہر محمود ہندلی ، پاکستان کونسل کے ریجنل کوآرڈی نیٹر عبدالخالق ، اعجاز قمر ، سردار لطیف اور دیگر بھی موجود تھے ، واضح رہے کہ کورین وفد راولاکوٹ میں پاکستان کونسل فا ر سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام چلنے والے اپنے فلاحی منصوبہ جات کے معائنہ کیلئے تین روز ہ دورہ پر آیا تھا ، اس موقع پر پاکستان کونسل کے چیئر مین محمد اعجاز نوری ، کورین وفد نے کمشنر پونچھ ڈویژن ظفر محمود کو ان کی خدمات اور تعاون کے صلہ میں انہیں شیلڈ بھی پیش کی ، کمشنر پونچھ ڈویژن ظفر محمود نے پاکستان کونسل فار سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کونسل نے ایک منظم حکمت عملی کے تحت یہاں طویل عرصہ سے فلاحی خدمات انجام دی ہیں ، خصوصاً خواتین کی معاشی و اقتصادی خود اختیاری ، ہنرمندی اور بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے جو کارہائے نمایاں انجام دئے وہ قابل تعریف ہیں ، پاکستان کونسل کے چیئر مین محمد اعجاز نوری اور اوباس کوریا کے وفد نے کمشنر پونچھ ڈویژن ظفر محمود کے تعاون کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ سول انتظامیہ نے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا اور فلاحی اداروں اور انتظامیہ میں تال میل کے باعث عوامی مسائل کو حل کرنے میں مد د ملتی ہے ، پاکستان کونسل نے ریلیف و بحالی کے اقدامات کے بعد یہاں کی خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے جو پروگرام تشکیل دیا وہ انتہائی موثر رہا اور اب تک پانچ ہزار سے زائد خواتین کو ہنرمندی کی تربیت دیکر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا جس سے ان کے معاشی و سماجی مسائل میں کمی واقع ہوئی ، فلاحی منصوبہ جات کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں کیونکہ کشمیریوں کی محبت ، خلوص نے ہمیں یہاں پر اپنے منصوبہ جات جاری رکھنے پر مجبور کیا اور ہم کبھی بھی کشمیری عوام کے جذبات کو فراموش نہیں کر سکیں گے ۔

متعلقہ عنوان :