لیاری2018ء کے انتخابات میں مکمل طور پر مسلم لیگ ن کا گڑھ بن جائے گا، سینیٹر نہال ہاشمی

لیاری کے عوام اپنا فیصلہ دیں گے وہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں،پانامہ لیکس سمیت مخالف سیاسی جماعتوں کے تمام جھوٹے اسکینڈلز کو مسترد کردیا

جمعہ 27 مئی 2016 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) مسلم لیگ سندھ کے سیکریٹری جنرل سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ لیاری2018ء کے انتخابات میں مکمل طور پر مسلم لیگ ن کا گڑھ بن جائے گااور آج ہفتہ کے جلسہ عام میں لیاری کے عوام اپنا فیصلہ دے دیں گے کہ وہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اور انھوں نے پانامہ لیکس سمیت مخالف سیاسی جماعتوں کے تمام جھوٹے اسکینڈلز کو مسترد کردیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کے روز عثمان پارک لیاری میں ہفتہ کو ہونے والے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسد عثمانی ، انور محسود، اشتیاق احمد، کھیل داد کوہستانی،راجہ سعید، اور مسلم لیگ ن لیاری کے ریگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے قبل 28مئی یوم تکبیر کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔

سنیٹر نہال شمی نے کہا کہ ہفتہ 28مئی کو لیاری میں یوم تکبیر کے حوالے سے ہونے والے جلسہ عام میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما بھی شرکت کر رہے ہیں اس کے علاوہ اس میں کراچی اور سندھ کے رہنماؤں کی بھی بڑی تعداد موجود ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ہفتہ28مئی کی شام ہونے والا لیاری کا جلسہ عام ثابت کردے گا کہ لیاری اب مسلم لیگ ن کا ہے اور یہاں کے عوام وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ہیں ۔

وہ صرف اور صرف عوام کو لیپ ٹاپ، گرین بسوں،موٹر وے کا تحفہ دینے والوں کے ساتھ ہیں انھوں نے پانامہ لیکس کے جھوٹے اور بے بنیاد اسکینڈلز بنانے والوں کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ لیاری کے عوام کو برسوں سے بیوقوف بنایا جاتا رہا ہے اور لیاری کے عوام سے ووٹ لینے والوں نے کبھی بھی لیاری کے عوام کے مسائل پر سنجدید گی سے توجہ نہیں دی۔جسطرح سے لیاری کے عوام مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کو پزیرائی دے رہے ہیں اس سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں لیاری مسلم لیگ ن کا مکمل طور پر گڑھ بن جائے گا۔