مقبوضہ کشمیر :حریت رہنماؤں کا شہید کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت

ہفتہ 28 مئی 2016 15:12

سرینگر ۔ 28 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مئی۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کپواڑہ اور بارہمولہ کے اضلاع میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ دو روز کے دوران کپواڑہ میں نوگام کے علاقے توت مار گلی میں چار جبکہ ضلع بارہمولہ کے علاقے ٹنگمرک میں کنچی پورہ کے مقام پر تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران دو نوجوان شہید کر دیے تھے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار ،محمد اقبال میر ، محمد احسن اونتو ،امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وار نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے باعث تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لے گا۔

جموں وکشمیر تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے معراج احمد بٹ، عادل احمد اور دیگر شہید نوجوانوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان جس طرح سے اپنے گرم لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کر ر ہے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔حریت رہنما حکیم عبدالرشید نے شانگس میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان،جو بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں، جدوجہد آزادی کا انمول سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا ، اس وقت تک کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیف آگنائیزر امتیاز احمد شاہ نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنا آج قوم کے کل پر قربان کر رہے ہیں ۔مسلم پولٹیکل لیگ کے چیئرمین فاروق احمد توحیدی نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نہایت صبر و استقامت کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور نوجواں اپنے گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کر رہے ہیں۔مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی نے چچی لوہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔