جموں کے مسلمانوں کا کٹھ پتلی وزیر کی دھمکیوں کے خلاف مظاہرہ

ہفتہ 28 مئی 2016 15:13

جموں ۔ 28 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مئی۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں کے علاقوں تالاب کھٹیکان اور ملک مارکیٹ میں مسلمانوں نے کٹھ پتلی وزیر چودھری لال سنگھ کیطرف سے دی جانے والی قتل عام کی دھمکی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ کٹھ پتلی وزیر نے گزشتہ دنوں جموں خطے کے مسلمانوں کو1947جیسے قتل عام کی دھمکی دی تھی۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے چودھری لال سنگھ کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ لال سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کرے۔

مقررین نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ چودھری لال سنگھ کے خلاف اب تک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں کابینہ سے نکال دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کو مسلمانوں کے احساسات کو سمجھنا چاہیے اور اگر لال سنگھ کیخلاف فوری کارروائی نہیں کی گئی تو مسلمان اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔