وزیر اعلیٰ پنجاب نے بلال مصطفی سید کو ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی تعینات کر دیا ، نوٹیفکیشن جاری

ہفتہ 28 مئی 2016 16:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نیسپاک سے تعلق رکھنے والے انجینئرنگ کے شعبہ سے وابستہ فارن کوالیفائیڈ بلال مصطفی سید کو منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی تعینات کر دیا ، خواجہ احمد حسان اور چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مہر اشتیاق احمد نے بلال مصطفی سید کوایم ڈی تعیناتی کا نوٹیفکیشن دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی نشست گزشتہ کئی ماہ سے خالی تھی جس پر نصرت گل بطورقائمقام ایم ڈی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایم ڈی کی تعیناتی کے لیے تین امیدواروں معظم سپرا، ثاقب منان اور بلال مصطفی کے انٹرویوز کیے تھے تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے بلال مصطفی سید کوایم ڈی لاہورویسٹ مینجمنٹ لگانے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ایوان وزیراعلی میں لیگی رہنما خواجہ احمد حسان اورچیئرمین ایل ڈبلیوایم سی مہر اشتیاق احمد نے نوٹیفکیشن بلال مصطفی سید کے حوالے کیا۔