جانوروں میں مصنوعی نسل کشی مسائل کے باعث مقامی لائیوسٹاک نسل متاثرہورہی ہے،ڈاکٹراقراراحمدخان

ہفتہ 28 مئی 2016 22:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مئی۔2016ء) جانوروں میں مصنوعی نسل کشی کے کوالٹی مسائل کی وجہ سے بہترین پیداواریت کے حامل مقامی لائیوسٹاک کی نسل بری طرح متاثر ہورہی ہے جس کے تحفظ کیلئے بہترین نسل کے نر جانوروں سے نسل کو آگے بڑھانے کے عمل کو سائنسی بنیاد فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے نیو سینٹ ہال میں بکریوں اور مرغیوں کی مقامی نسل کے تحفظ پر منعقدہ سیمینار سے مہمان خصوصی کے طو رپر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ماضی میں دیہی سطح پر اچھی نسل کا سانڈھ رکھنے والے زمیندارکوخصوصی مربع الاٹ کیا جاتاتھا جس کی وجہ سے مقامی طور پر بہترین پیداواری صلاحیت کے حامل جانورپالے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک میں مصنوعی نسل کشی کے شعبہ میں نئے کاروبارکے وسیع تر امکانات سے فائدہ اُٹھایا جانا چاہئے کیونکہ جانور پالنے والے کاشتکار اپنے جانوروں کی صحت اور پیداوار کیلئے اچھی سروسز فراہم کرنیوالوں کی ہمیشہ تلاش میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں یونیورسٹی کے جشن بہاراں میں بکری ‘بھینس اور گائے نے قومی سطح پر زیادہ دودھ دینے کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو اپنے جانوروں کی نگہداشت ‘ دیکھ بھال اور پرورش میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھتے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد خان نے کہا کہ انٹرنیشنل لائیوسٹاک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے ایشیاء کے چار ممالک بنگلہ دیش‘ پاکستان ‘ ویت نام اور سری لنکا کے سائنس دانوں نے پانچ سالہ پروگرام میں بکریوں اور مرغیوں کی مقامی نسل کے تحفظ کیلئے قابل قدر کام کیاجو مستقبل میں بڑے پراجیکٹ کی بنیاد بنے گا۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کی طرف سے کم وسائل کے حامل خاندانوں اور غریب خواتین کومعاشی طو رپر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے فی خاندان چار بکریاں اور ایک بکرااور اسی طرز پر چار مرغیاں اور ایک مرغا تقسیم کیا جا رہا ہے جسے غربت ختم کرنے کا دیرپا اور موثر ہتھیار قرار دیا گیا ہے۔ سیمینار سے چین کی شنگ یانگ زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر یاوگینگ اور ڈاکٹر سیف الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :