ڈینگی کے سدباب کیلئے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر تمام سرکاری محکمے اور ادارے متحرک ہیں ، ہر سطح پر عوامی آگاہی کی سرگرمیاں زور شور سے جاری ہیں، خواتین احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کریں تاکہ گھروں میں لاروا بریڈنگ سپاٹس ختم ہو سکیں

رکن صوبائی اسمبلی و سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راولپنڈی کے چیئرمین راجہ محمد حنیف کا ڈینگی آگاہی و تربیتی سیمینار سے خطاب

بدھ 1 جون 2016 21:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جون۔2016ء) رکن صوبائی اسمبلی و سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راولپنڈی کے چیئرمین راجہ محمد حنیف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے سدباب کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر تمام سرکاری محکمے اور ادارے متحرک ہیں اور ہر سطح پر عوامی آگاہی کی سرگرمیاں زور شور سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان ڈور لاروا تلفی کے لئے خواتین احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کریں تاکہ گھروں میں لاروا بریڈنگ سپاٹس ختم ہو سکیں۔

وہ بدھ کو محکمہ سماجی بہبود راولپنڈی کے زیر اہتمام ادارہ صنعت زار میں ڈینگی آگاہی و تربیتی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ سیمینار میں عامر شہزاد شاہ ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر،صنعت زار ایڈوائزری کمیٹی کے رکن عبدالرشید اعوان، منیجر صنعت زار طلعت شبیر، سپرنٹینڈنٹ کاشانہ یاسمین ناز اورٹرینرز و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی وڈسٹرکٹ فوکل پرسن اینٹی ڈینگی راجہ محمد حنیف نے کہا کہ ڈینگی کے بارے میں وسیع پیمانے پر سرگرمیوں کا مقصد لوگوں کو خبردار کرنا اور انہیں حکومت کی طرف سے مہیا کی گئی سہولیات سے آگاہ کرنا ہے تاکہ دوبارہ کسی انسانی المیے سے دوچار نہ ہونا پڑے۔

انہوں نے کہاکہ پانچ سال قبل ڈینگی کے حملے کی وجہ سے کئی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور آئندہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ ڈینگی کودوبارہ پنپنے کا کوئی موقع نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ عدم توجہی سے کسی بھی وقت ڈینگی وباء کی طرح پھیل کر ڈینگی انسانی جانوں کی ہلاکت کا باعث بن سکتا ہے۔ راجہ محمد حنیف نے کہا کہ اس سال موسم گرما سے قبل ہی ڈینگی کے مریض رپورٹ ہونا شروع ہو گئے ہیں اس لئے ڈینگی بخار سے بچنے کے لئے ہر ممکن احتیاط کی ضرورت ہے۔

انہوں نے عوامی آگاہی کی کوششوں کے لئے محکمہ سماجی بہبود کی کاوشوں کو سراہا۔ رکن پنجاب اسمبلی لبنی ریحان نے خطاب کرتے ہوئے خواتین سے کہاکہ وہ ڈینگی کے تدارک کے لئے ڈینگی سے بچاو کی معلومات اپنے اہل خانہ اور گلی محلے تک پھیلائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف مکمل کمٹمنٹ کے ساتھ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہیں اور ہر سطح پر لوگوں کو ڈینگی سے بچاو کی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کو کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہ دی جائے۔ ممبر ایڈوائزری کمیٹی صنعت زار عبدالرشید اعوان نے کہاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے تمام ادارے ڈینگی پر قابو پانے کے لئے فعال کردار ادا کرہے ہیں اور عوامی تعاون سے ڈینگی پر قابو پانے کے لئے اس موزی مرض سے بچاو کی تدابیر عام کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرسو شل ویلفیئر عامر شہزاد شاہ نے ڈینگی کی پہچان اور لاروا تلفی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔