بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں، حریت فورم

جمعہ 3 جون 2016 16:40

سرینگر ۔ 3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے سیاسی ، انسانی اور مذہبی حقوق کو طاقت کے بل پر سلب کرنے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے جو عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنماؤں کی گھروں اور تھانوں میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مبنی برحق آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کے انتہائی خطرناک نتائج نکلیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کے پر امن احتجاج کو دبانے کے لیے ہر اوچھا ہتھکنڈہ آزمایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حقائق سے چشم پوشی کے بھارتی عمل نے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔