زرعی شعبہ پر خصوصی توجہ خوش آئند ہے، حکومت صنعتی و تجارتی شعبے کی ترقی کے لئے خصوصی اقدامات کرے

اسحاق ڈار نے اچھا بجٹ پیش کیا ہے، اقتصادی اشاریے معاشی کارکردگی کے عکاس ہیں تاجر و صنعتکار برادری کا بجٹ پر ردعمل

جمعہ 3 جون 2016 23:05

کراچی ۔ 3 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) تاجر و صنعتکار برادری نے وفاقی بجٹ 2016-17 پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ” اے پی پی “ سے کی جانے والی بات چیت کے دوران کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر یونس بشیر نے کہا کہ حکومت کو چوتھا بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ برس موجودہ حکومت پانچواں بجٹ بھی پیش کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں زراعت کے شعبہ پر خصوصی توجہ قابل ستائش ہے کیونکہ یہ شعبہ گزشتہ کئی برسوں سے تباہ حالی کا شکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اہم شعبوں کو بھی مراعات ملنی چاہئیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت صنعتی و تجارتی شعبے کی ترقی کے لئے خصوصی اقدامات کرے۔ کے سی سی آئی کے سابق صدر افتخار احمد وہرہ نے بجٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی اشاریے مثبت ہیں، ملکی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے بجٹ میں مزید مراعات کا علان کی جانا چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

کے سی سی آئی کے سابق صدر ہارون فاروقی نے بجٹ کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اچھا بجٹ پیش کیا ہے ۔ سابق صدر کے سی سی آئی خلیل احمد نے کہا کہ اقتصادی اشاریے معاشی کارکردگی کے عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں ٹیکسٹائل، چمڑہ، کھیلوں کا سامان، گارمنٹس اور دیگر سیکٹرز میں زیرو ریٹڈ ٹیکس کا اعلان خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :