انتخابی ڈھونگ کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے ، سید علی گیلانی

ہفتہ 4 جون 2016 13:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جون۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سینک کالونیوں ، پنڈت کالونیوں اور نئی انڈسٹریل پالیسی کے خلاف آزادی پسندوں کی طرف سے مشترکہ ایجی ٹیشن چلائے جانے کا عندیہ دیتے ہوئے اسلام آباد ( اننت ناگ ) اسمبلی سیٹ کے لئے ہو رہے ضمنی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے اپنے ایک بیان میں گیلانی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں منعقد کرائے جا رہے ہر نوعیت کے انتخابی ڈراموں کے حوالے سے ہماری ایک سیٹ پالیسی ہے کہ 10 لاکھ مسلح افواج کی موجودگی میں یہ الیکشن کسی جمہوری عمل کے بجائے ایک فوجی مشق ہوتے ہیں اور یہ کہ بھارت بین الاقوامی فورموں پر ان کو اپنے جبری قبضے کے حق میں ایک دلیل کے طور پر استعمال کرتا ہے کہ کشمیری الیکشن میں حصہ لے کر دراصل اس کے حق میں فیصلہ صادر کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیلنج پیش کیا کہ سول آبادیوں میں قائم ایک ہزار فوجی کیمپوں کو ہٹایا جائے آزادی پسندوں کو رہا کر کے ان کی سیاسی سرگرمیوں سے پابندی ہٹائی جائے اور لوگوں کو فیصلہ کرنے کے لئے آزاد چھوڑا جائے تو جموں و کشمیر میں کسی بھی طرح کا انتخابی ڈرامہ منعقد کرانا ممکن نہیں ہو گا انہوں نے کہا کہ یہ انتخابی ڈرامے ایک فوجی آپریشن اور یکطرفہ کھیل ہوتے ہیں جس می ں ریس کورس میں صرف ایک گھوڑا ہوتا ہے اور پھر اس کے جیتنے کا اعلان کیا جاتا ہے گیلانی نے پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی کو تجویز پیش کی کہ اس دعوے کو پرکھنے کے لئے اس کی گھر میں نظربندی کو ختم کیا جائے اور انہیں اسلام آباد ( اننت ناگ ) حلقہ انتخاب میں صرف پانچ دن تک آزاد گھومنے پھرنے اور لوگوں سے ملنے کا موقع فراہم کیا جائے تو معلوم ہو جائے گا کہ کتنے فیصد لوگ اس فوجی مشق میں حصہ لیتے ہیں انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑنے والوں کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی اپنا موقف لوگوں کے سامنے رکھنے کا موقع دیا جائے اور اسی صورت میں یہ ایک جمہوری عمل کہلائے گا بصورت دیگر ایک مذاق ہے اور اس کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ۔

متعلقہ عنوان :