محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو انگور کی برداشت سے متعلق ہدایات جاری کردیں

ہفتہ 4 جون 2016 15:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جون۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کاشتکاروں کو انگور کی برداشت کے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ صوبہ پنجاب کے مخصوص علاقے مثلاً پوٹھوار کے نیم پہاڑی اضلاع بشمول خوشاب، اٹک، چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں انگور کی کاشت کی جا رہی ہے۔ انگور کی بیل کافی حد تک کم اور زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

خشک اور ٹھنڈے علاقے اس پھل کی بڑھوتری اور نشوونما کیلئے ہمیشہ سے موزوں رہے ہیں۔

(جاری ہے)

موسم گرما میں ہونے والی بارشیں اس پھل کیلئے ہمیشہ سے شدید خطرہ رہی ہیں کیونکہ زیادہ نمی کی وجہ سے پھل پھٹ جاتا ہے اور پھپھوندی لگ جاتی ہے۔ پھل کی برداشت اس وقت کی جائے جب دانے اپنا پورا سائز حاصل کر لیں اور پک بھی جائیں۔ انگور کے گچھے قینچی سے کاٹنے چاہئیں اور ان کو ٹوکری یا کریٹ میں اس طرح رکھیں کہ دانے زخمی نہ ہونے پائیں۔ پیک کرتے وقت خراب دانے نکال دیں ورنہ یہ دوسرے دانوں کو بھی زخمی کر دیں گے۔ پھل کو جلد منڈی تک پہنچانا چاہیے ۔ کچھ دنوں تک اس کو کولڈ سٹور میں بھی رکھا جا سکتا ہے۔ ان ہدایات پر عمل کرنے سے کاشتکار انگور کی بحفاظت برداشت کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔