مقبوضہ کشمیر، مجاہدین کے حملے میں پولیس افسر سمیت 2اہلکار ہلاک ،2روز میں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد5ہوگئی حریت رہنما یاسین ملک کی سینٹرل جیل سری نگر سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری کے خلاف کشمیر ی سڑکوں پر نکل آئے ، بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ، سیکورٹی فورسز کا مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال

ہفتہ 4 جون 2016 18:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جون۔2016ء ) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے حملے میں پولیس افسر سمیت 2اہلکار ہلاک ہوگئے جس کے بعد 2روز میں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد5ہوگئی ،ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین یاسین ملک کی سینٹرل جیل سری نگر سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری کے خلاف کشمیر ی سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں مجاہدین کے حملے میں بھارتی پولیس کے ایک افسر سمیت دو اہلکار مارے گئے ۔یہ ضلع اننت ناگ میں گزشتہ 18 گھنٹوں کے دوران مجاہدین کی طرف سے ہونے والا دوسرا حملہ ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز مجاہدین نے اسی ضلع کے بج بہاڑہ میں بی ایس ایف کے ایک قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 3 بی ایس ایف اہلکار ہلاک جبکہ5 دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔

دوسری جانب جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف)کے چیئرمین یاسین ملک کی سینٹرل جیل سری نگر سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری کے خلاف شہر کے مائسمہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہفتہ کی صبح احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ یاسین ملک کو گزشتہ رات سینٹرل جیل سری نگر سے رہا کردیا گیا۔اگرچہ گذشتہ رات سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے انہیں دوبارہ حراست میں لینے کے لئے ان کی مائسمہ میں واقع رہائش گاہ پر چھاپہ ڈالا، تاہم مزاحمت کی وجہ سے انہیں گرفتار نہ کرسکی۔