کاشتکار محنت و احتیاط سے سورج مکھی کی برداشت کاعمل مکمل کریں، ماہرین

پیر 6 جون 2016 14:42

فیصل آباد۔6 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 جون۔2016ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے لہٰذاکاشتکار محنت و احتیاط سے برداشت کاعمل مکمل کریں۔ انہوں نے بتایاکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جب سورج مکھی کے پھول کی پشت کا رنگ سب سے سنہری ہوجائے پھولوں کی پتیاں جلد خشک ہوجائیں ، سبز پتیاں بھوری ہوجائیں تو فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں جس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔

انہوں نے کہاکہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں اورانہیں دھوپ میں اچھی طرح خشک کرلیں ۔انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ بیج کو اچھی طرح صاف کرکے نئے باردانہ میں ڈال کر فروخت یا ذخیرہ کیاجائے تاکہ اسے کسی قسم کانقصان پہنچنے کاخدشہ نہ رہے ۔

متعلقہ عنوان :