پاکستان نیوی گوادر بندرگاہ اور اس سے ملحقہ پانیوں کی سیکیورٹی کویقینی بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے ،اس کے لئے ہرضروری تعمیری صلاحیت و قوت کو حکومت پاکستان کی مدد سے بڑھایا جا رہا ہے

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اﷲ کا 45 ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب

پیر 6 جون 2016 22:43

پاکستان نیوی گوادر بندرگاہ اور اس سے ملحقہ پانیوں کی سیکیورٹی کویقینی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جون۔2016ء) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے کہاہے کہ پاکستان نیوی گوادر بندرگاہ اور اس سے ملحقہ پانیوں کی سیکیورٹی کویقینی بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے ،اس کے لئے ہرضروری تعمیری صلاحیت و قوت کو حکومت پاکستان کی مدد سے بڑھایا جا رہا ہے۔ وہ پیر کو پاکستان نیوی وار کالج لاہور کے دورہ کے موقع اور 45 ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔

ان کی گفتگو کا محور موجودہ جغرافیائی اسٹریٹجک ماحول اور پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کے تناظر میں بڑھنے والی پاک بحریہ کی ذمہ داریاں تھیں۔نیول چیف نے کہا کہ عالمی ماحول مسلسل تغیر کا شکار ہے جس کے باعث طاقت کے مختلف مراکز ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہماری قومی ترقی اور سیکیورٹی درحقیقت میری ٹائم سیکٹر کی ترقی سے جڑی ہے اور پاکستان کے تحفظ کی ضمانت ایک مضبوط بحریہ سے ہی ممکن ہے۔

ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے کہا کہ پاکستان نیوی گوادر بندرگاہ اور اس سے ملحقہ پانیوں کی سیکیورٹی کویقینی بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے اوراس کے لئے ہرضروری تعمیری صلاحیت و قوت کو حکومت پاکستان کی مدد سے بڑھایا جا رہا ہے۔نیول چیف نے مزید کہا جہاں ہم بحیثیت قوم بحر سے متعلق لاعلمی کا شکار رہے ہیں وہاں آج پاکستان کے سمندی وسائل کا بہتر ادراک رکھتے ہیں اور جس میں گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی ایک با صلاحیت فورس ہے اور ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر چیلنجز پر قابو پانے کے لئے پُر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ،جو پاکستانی پانیوں میں میری ٹائم امور میں اضافے کا سبب بنیں گے، کے لئے حکومتی کاوشوں کو بھی سراہا۔ملک کی داخلی سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو اندرونی سیکیورٹی خطرات ہمیں در پیش ہیں وہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور معاشرے کے ہر شعبے کو متاثر کر رہے ہیں۔

پاکستان نیوی اس چیلنج سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ۔سربراہ پاک بحریہ نے کورس کے شرکاء کو کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارک باد پیش کی اورامید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی کامیابی سے سفر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :