الگ کالونیاں کے گھناؤنے منصوبے کا مقصد مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے‘جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

منگل 7 جون 2016 13:29

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے قابض حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی عوام کش اور مسلم کش پالیسیوں سے باز آجائیں جن سے ریاست کے مسلم اکثریتی کردار اور اس کی خصوصی پوزیشن کو زک پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق امیر جماعت اسلامی غلام محمد بٹ نے سرینگر میں پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو نقصان پہنچانے کی ہر مذموم کوشش کوناکام بنا ئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈت برادری یہاں دیگر لوگوں کی طرح رہائش اختیار کرنے کا حق رکھتی ہے لیکن الگ کالونیاں بنانا‘ نہ اْن کے مفاد میں ہے اور نہ ہی یہاں بسنے والے دیگر عوام کے مفاد میں ہے کیوں کہ اس طرح سے لوگ فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں کے لیے الگ کالونیاں قائم کرنا کسی بھی صورت میں کشمیری عوام کو قابل قبول نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کالونیوں کو سازشی اڈوں کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بے گھر لوگوں کو بسانے کے معاملے پر کہا کہ اس سلسلے میں پہلے اْن بے گھر افراد کی باضابطہ نشاندہی ہونی چاہیے جن کی رہائش کے لیے بھارتی حکومت کے پاس الگ بستیوں کے قیام کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الگ بستیاں قائم کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ امیر جماعت نے کہاکہ دراصل الگ کالونیاں اور الگ بستیاں قائم کرنے کے پس پردہ گھناؤنا منصوبہ ہے جس کا مقصد یہاں کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کٹھ پتلی حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان عوام کش اور مسلم کش پالیسیوں سے باز آجائیں۔

متعلقہ عنوان :