اسلامی یونیورسٹی نے اسلامی ترقیاتی بنک کی انجینئرنگ لیبارٹری کی مسابقتی گرانٹ جیت لی

منگل 7 جون 2016 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے فوٹو ولٹانیک انرجی انجینئرنگ لیبارٹری کی تشکیل کے لیے اسلامی ترقیاتی بنک کی ایک اور مسابقتی بین الاقوامی گرانٹ جیت لی۔تفصیلات کے مطابق یہ گرانٹ جامعہ میں جاری اسلامی ترقیاتی بنک کے ایڈوانسڈ الیکٹرانکس لیبارٹریز منصوبے کے لیے جیتی گئی اس گرانٹ سے تشکیل کردہ لیبارٹری کا مقصد ، توانائی کے شعبہ میں با صلاحیت محققین پیدا کرنا ہے تاکہ حاصل کیے گئے تجربات کو توانائی کے شعبہ میں عام کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس کامیابی پر ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اورصدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے گرانٹ جیتنے پر اس منصوبے کے انچارج و جامعہ کی ایڈوانسڈ لیبارٹریز کے پرنسپل انویسٹیگیٹر ڈاکٹر احمد شجاع سید کو مبارکباد دی اور کہا کہ یونیورسٹی کا ایک اور گرانٹ کا جیت جانا اس بات کا غماز ہے کہ بین الاقوامی فنڈنگ کے ادارہ جامعہ پر اعتماد کرتے ہیں۔ منصوبے کی تفصیلات بارے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد شجاع سید نے کہا کہ منصوبہ شعبہ توانائی میں مثبت پیش رفت کیجانب ایک قدم ہے اور اس کا مقصد فوٹو ولٹانیک انجینئرنگ میں باصلاحیت افراد پیدا کرنا ہے جو تحقیق کے ذریعے اہم نتائج مرتب کرنے کی متحمل ہوں۔