رمضان المبارک برکت و استغفار کا مہینہ ہے ، سید علی گیلانی

بدھ 8 جون 2016 13:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جون۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس”گ“ چیئرمین حریت سید علی گیلانی نے مقدس مہینے رمضان المبارک کی مناسبت سے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ اس مہینے کو ہمارے لئے برکتوں ، رحمتوں اور مغفرت کا مہینہ ثابت کرے اور ہماری قوم کے لئے تمام مصائب اور آلاشوں سے نجات کا ذریعہ بنائے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں کی تربیت کا ایک مکمل کورس ہوتا ہے اور ہمیں اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور تمام ناکارہ عادات سے چھٹکارا پانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔

گیلانی نے تمام ہوٹل مالکان سے اپیل کی کہ وہ اس مہینے کا احترام ہر صورت میں ملحوظ نظر رکھیں اور ایک روح پرور ماحول بنانے میں تعاون کریں رمضان کے مہینے میں تحریک حریت کے لئے دل کھول کر چندہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ یہ صبر اور ہمدردی کا مہینہ ہے اور اس میں مسلمان اپنے مستحق اور لاچار بھائیوں کا خاص خیال رکھتے ہیں اس مہینے میں زکواة اور صدقات ادا کی جاتی ہیں او رمسلم معاشرے میں امداد باہمی کا ایک خوبصورت مزاج پیدا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ تحریک حریت جہاں جدوجہد آزادی میں ہر اول دستے کا رول نبھاتی ہے وہیں یہ کئی دوسرے محاذوں پر بھی سرگرم عمل ہے سماجی خدمات کے دائرے کو وسیع کرنا اس نے اپنا ایک اہم ہدف بنا لیا ہے اور اس سلسلے میں ابتدائی کام کا آغاز کیا گیا ہے ہر بستی میں بیت المال قائم کرنے کی اپنی مکرر اپیل دوہراتے ہوئے گیلانی صاحب نے کہا کہ ہماری قوم ایک غیر یقینی اور عدم استحکام کی صورت حال سے دوچار ہے ۔

(جاری ہے)

ہر دن جنازے اٹھتے ہ یں عورتیں بیوہ جبکہ بچے یتیم اور بے آسرا ہو جاتے ہیں اس صورت حال میں ہماری قومی ذمہ دار بنتی ہے کہ ہم بے سہارا لوگوں کا سہارا بننے کی کوشش کریں اور جہاں تک ممکن ہو سکے لوگوں کی مدد کریں ۔