علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلرکی یورپی یونین کے وفد کو یونیورسٹی کی ترقی کے لئے قائم کئے گئے اہداف،کامیابیوں اور پالیسیوں پر بریفنگ

بدھ 8 جون 2016 15:04

اسلام آباد ۔ 8 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 جون۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے یورپی یونین کے وفد کو سٹوڈنٹس سپورٹ سسٹم کی مضبوطی کے لئے کئے گئے اقدامات، یونیورسٹی کی ترقی کے لئے قائم کئے گئے اہداف،کامیابیوں اور آئندہ کی پالیسیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب یونیورسٹی نے اپنے تعلیمی پروگراموں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے کام کا آغاز کردیا ہے،جس کے لئے یونیورسٹی کو غیر ملکی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم یورپی یونین کے ساتھ بھی اشتراک عمل کے خوا ہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پرائمری سے پی ایچ ڈی سطح تک کے تمام پروگرامز کے تعلیمی معیار کو اپ گریڈ کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی اپنے مشن کی تکمیل کے لئے اچھی شہرت رکھنے والے ملکی اور غیر ملکی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے یونیورسٹی نے حال ہی میں چار بین الاقوامی کانفرنسسز منعقد کی ہیں۔

وفد کو تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی کی ریٹنگ میں اضافہ اور یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کا فروغ ان کی اولین ترجیح رہی ہیں ، ریٹنگ میں اضافہ کے لئے گذشتہ 16ماہ کے دوران مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔ طلبہ کی سہولتوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے اور ان کی رہائش گاہوں کے قریب ترین مقامات پر تمام تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے داخلوں ،امتحانات ، ترسیل کتب ‘ ورکشاپس اور یونیورسٹی لائبریری کو آٹومیشن پر منتقل کردیا گیا ہے‘ اب طلبہ داخلوں کی تصدیق ‘ کتابوں کے بارے میں معلومات ‘ رول نمبر سلپس ‘ ورکشاپ شیڈولز ‘ رزلٹ کارڈز اور اسناد/ ڈگریوں کے بارے میں معلومات گھر بیٹھے حاصل کرسکتے ہیں۔

ڈیویلپمنٹ ایڈوائزر ‘ مشل ریزی کی سربراہی میں یورپی یونین کے وفد نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ایک روزہ دورہ کیا۔وفد نے اوپن یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے کئے گئے حالیہ اقدامات ‘ مستقبل کی منصوبہ بندی اور او ڈی ایل پر قومی پالیسی بنانے کے لئے سنجیدہ کوششوں کو سراہا۔ وفد نے وائس چانسلر کو اوپن یونیورسٹی کے ساتھ باہمی روابط کے آغاز کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مزید کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم کی جانب لوگوں اور تعلیمی اداروں کا رجحان بڑھتا چلا جارہا ہے ‘ اب پاکستان میں بھی بہت سارے تعلیمی اداروں نے اس طریقہ تعلیم کو اپنانا شروع کردیا ہے۔ اس لئے وقت کی ضرورت تھی کہ فاصلاتی نظام تعلیم پر ایک قومی پالیسی مرتب کی جائے۔ اس نقطہ نظر سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے گذشہ ماہ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں "فاصلاتی نظام تعلیم)او ڈی ایل ( "پر قومی پالیسی کا ڈافٹ آؤٹ لائن تیار کرلیا ہے اور اس ڈرافٹ پالیسی کو مزید بہتر بنانے کے لئے ماہرین تعلیم تجاویز تیار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کو او ڈی ایل کی قومی پالیسی متعارف کرانے کے لئے یورپی یونین جیسے بین الاقوامی اداروں کی مدد اور مشاورت کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی اپنے فیکلٹی ممبرز کی غیر ملکی اداروں میں سیمینار اور ورکشاپس میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور ان کو مالی معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔

ڈیویلپمنٹ ایڈوائزر ‘مشل ریزی نے بعد ازاں اوپن یونیورسٹی کے اکیڈمک کمپلکس میں یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے طلبہ و طالبات کو یورپی ممالک کی مختلف یونیورسٹیوں کی جانب سے پاکستانی طلبہ و طالبات کے لئے موجود ایک سو سے زائد "فل برائٹ سکالرشپ"پروگرامز سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار پر مشتمل ایک جامع پاؤرپوائنٹ پریذنٹیشن دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ریجنل سروسسز ‘ میاں عارف سلیم عارف نے بھی خطاب کیا۔ انچارج دفتر برائے بین الاقوامی اشتراک عمل ‘ زاھد مجید نے یورپی یونین کو یونیورسٹی کی پروفائل اور طریقہ تعلیم پرتفصیلی پریذنٹیشن دی۔

متعلقہ عنوان :