26انسٹرکٹرز نے کامیابی سے ٹریننگ فار انسٹرکٹر کورس مکمل کرلیا

بدھ 8 جون 2016 16:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جون ۔2016ء)پنجاب ایمرجنسی سروس ، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے انسٹرکٹرز کی تدریسی اور ہدایاتی مہارتوں کو بڑھانے کے لئے ٹریننگ فار انسٹرکٹرز (TFI)کورس اختتام پذیر ہوگیا۔ اس کورس میں 26افراد نے شرکت کی اورچھ ہفتوں پر مشتمل سخت تربیتی ٹریننگ کے بعد کامیابی سے کورس مکمل کیا۔

اس کورس کے دوران شرکاء کو کمیونیکیشن اینڈ پلیٹ فارم سکلز، سبق کی منصوبہ بندی و تیاری، تدریسی طریقہِ کار، کلاس منیجمنٹ، ٹیسٹ اور جانچ، اور انفرادی مہارتوں بارے پڑھایا گیا اور ان کی تدریسی مہارتوں کو نکھارا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)بریگیڈئر (ر)ڈاکٹر ارشد ضیاء اور ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر(ر) امیر حمزہ نے کامیاب ہونے والے انسٹرکٹرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریگیڈئرڈاکٹر ارشد ضیاء نے کامیاب ہونے والے کورس کے شرکاء انسٹرکٹر ز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کورسز اضلاع کی آپریشنل ضروریات کو دیکھتے ہوئے وقتاََ فوقتاََ منعقد کرائے جاتے ہیں جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید خطوط پر استوار پیشہ ورانہ تربیت ریسکیو 1122کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے جس کا مظاہرہ ہمیں ایمرجنسی آپریشنز کی صورت میں نظر آتا ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر امیر حمزہ نے ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخواہ اور ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان کو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے لئے اپنے ریسکیورز بطور انسٹرکٹرزبھیجنے پر تہہ دلِ سے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان انسٹرکٹرز کو اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں میں مزید نکھار لانے اور تدریسی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے چھ ہفتوں پر محیط سختی تربیتی مراحل سے گزارا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور گلگت کے انسٹرکٹرز نہ صرف ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے لئے بطور انسٹرکٹرز مفید ثابت ہورہے ہیں بلکہ وہ اپنے صوبوں کی ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی منیجمنٹ اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی منیجمنٹ کے درمیان موثر رابطہ کاری کا ذریعہ ہیں اور لینگوئج کی رکاوٹوں کو کم کرنے اور ثقافتی اقدار کے امین بھی ہیں۔ بریگیڈئر امیر حمزہ نے مزید کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور پنجاب ایمرجنسی سروس کے تمام انسٹرکٹرز جو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں تعینات ہیں انہیں پنجاب ایمرجنسی سروس فنانشل رولز 2007کی شق 7(5)کے مطابق پچاس فیصد بنیادی تنخواہ پر انسٹرکشنل الاؤنس بھی دیا جائے گا۔