الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد آئی جی آزاد کشمیر کی خدمات وفاق کو واپس کرناغیر قانونی ،بدنیتی پر مبنی اقدام ہے،شاہ غلام قادر

بدھ 8 جون 2016 16:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جون ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل و سابق اسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے انسپکٹر جنرل آف پولیس آزاد کشمیر کی خدمات وفاق کو واپس کرناغیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر اور اس کے حواریوں کو گذشتہ پانچ سالوں میں اپنی ناقص کار کردگی، لوٹ مار اور کرپشن کے باعث آمدہ الیکشن میں اپنا عبرتناک انجام صاف نظر آرہا ہے اور وہ اپنی مرکزی قیادت کے سامنے انتخابات میں شکست کی وجوہات تراشنے کیلئے محاذ آرائی کی سیاست چاہتے ہیں تاکہ اپنی نالائقیوں کی پردہ پوشی کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک صاف و شفا ف اور غیرجانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے ضروری ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف سیکرٹری اپنا آئینی کردار ادا کریں اور تمام ترقیاتی اور بلدیاتی اداروں سمیت لبریشن سیل اورصدارتی ہاؤس جملہ صوابدیدی پوسٹوں پر تعینات جیالوں، مشیروں اور کوآرڈینیٹرز کو فی الفور فارغ کیا جائے تاکہ انتخابات میں سرکاری وسائل کے استعمال کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کیطرف سے بعض مخصوص حلقوں میں سرکاری اہلکاروں کے ذریعے انتخابات پر اثرانداز ہونے کا پروگرام بنا ئے جا رہے ہیں اور انتخابی عملہ میں بعض جگہوں پر ایسے سرکاری اہلکاران تعینات ہیں جن کی تمام تر ہمدردیاں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی ساتھ ہیں۔شاہ غلام قادر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو موجودہ صورتحال کا نوٹس لینے چاہیے اور ایسے سرکاری اہلکاران کو فوری طور پر فارغ کیا جائے جنکا کردار مشکوک ہو یا کسی امیدوار سے وابستگی ظاہر ہو تاکہ وہ انتخابات پر اثر انداز نہ ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :