رمضان بازاروں میں سیکورٹی کے سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی،ڈی پی او

بدھ 8 جون 2016 23:03

خانیوال ۔08 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 جون ۔2016ء)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر رمضان بازاروں میں آنیوالے شہریوں کی سکیورٹی کیلئے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور ضلع خانیوال کے پانچوں رمضان بازاروں میں پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جاچکی ہیں جو کہ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔

اس موقع پر اے ڈی سی اشفاق احمد چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں سیکورٹی کے سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور ہر آنیوالے صارف کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی شرپسند اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بازار خانیوال کے اچانک معائنہ کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ڈیوٹی پر متعین ملازمین اپنی ڈیوٹی احسن طریقہ سے سرانجا م دیں ۔ڈی پی او نے رمضان بازار خانیوال کے معائنہ کے موقع پرقائم کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں ‘شہریوں کے سکیورٹی چیکنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ گاڑیوں کو پارکنگ کی مخصوص جگہ پر ہی پارک کرایا جائے اور کسی بھی موٹر سائیکل ‘کار اور دیگر گاڑیوں کو رمضان بازار کی حدود میں نہ آنے دیا جائے۔۔