جولائی کا پہلا ہفتہ ما ش کی کاشت کیلئے موزوں ہے،ما ہرین

جمعرات 9 جون 2016 14:00

فیصل آباد۔9 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء)ماش کے کاشتکاروں کو فصل کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ جولائی کا پہلا ہفتہ کاشت کیلئے موزوں ترین قرار دے دیاگیاہے۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ ماش کی کاشت کیلئے ایک سے دو مرتبہ ہل چلا کر زمین کو سہاگہ دینا چاہیے اور اگر کھیت میں مڈھ وغیرہ موجود ہوں تو ڈسک بلو یا روٹاویٹر چلا کرسہاگہ دیا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ زیادہ بارش والے علاقوں میں 8کلوگرام اور دیگر علاقوں میں 10کلوگرام فی ایکڑ استعمال کرکے شاندار فیصل حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار ڈرل کے ذریعے ماش کی کاشت کی صورت میں ایک فٹ کے فاصلے پر قطاریں بنائیں اور اس میں ماش کو کاشت کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ڈرل دستیاب نہ ہو تو اس صورت میں پور باندھ کر یا کیرا کے ذریعے بھی ماش کی کاشت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ زیادہ بارش والے علاقوں میں کھیلیوں پر ماش کی کاشت انتہائی موزوں ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ماش کی فصل کیلئے کھاد کی مقدار کادرست تعین کرنے کیلئے زمین کا تجزیہ بھی ضرور کروائیں ۔