پارلیمنٹ میں نامناسب الفاظ کے استعمال پر غیر مشروط معافی مانگی، الفاظ میں کسی خاتون یا مرد کو نشانہ نہیں بنا یا،اس لئے بغیر نام لئے معذرت کی ،وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

خواجہ آصف نے میری طرف دیکھتے ہوئے اور اشارہ کر کے نامناسب الفاظ ادا کئے، وہ اپنا رویہ ٹھیک کریں ،شیریں مزاری

جمعرات 9 جون 2016 22:52

پارلیمنٹ میں نامناسب الفاظ کے استعمال پر غیر مشروط معافی مانگی، الفاظ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جون ۔2016ء ) وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ میں مجھ سے نامناسب الفاظ ادا ہوئے جس پر اسپیکر سے خط کے ذریعے اس واقعے پر غیر مشروط معافی مانگی، میں نے یہ الفاظ عمومی طور پراستعمال کئے ،کسی خاتون یا مرد کو نشانہ بنا کر نہیں کہے تھے اس لئے بغیر نام لئے معافی مانگی ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے میری طرف دیکھتے ہوئے اور اشارہ کر کے نامناسب الفاظ ادا کئے، میڈیا اور ایوان گواہ ہیں کہ یہ الفاظ انہوں نے میرے جسم کی مشابہت اور میری آواز بارے ادا کئے ۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایوان میں شور شرابا اور تقریر میں مداخلت کے باعث رویے میں تبدیلی پر نامناسب الفاظ ادا کرنے پر معذرت خواہ ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اس واقعہ کو غلط رنگ دینے کی اور جینڈر ایشو بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے میں نے وہ الفاظ عمومی طور استعمال کئے تھے خاص طور پر کسی خاتون یا مرد کو نشانہ بنانا میرا مقصد نہیں تھا اس لئے بنا نام لئے معذرت کی ہے ۔

پروگرام میں گفتگو میں شیریں مزاری نے کہا کہ میڈیا اور ایوان گواہ ہیں کہ خواجہ آصف نے میری طرف اشارہ کر کے یہ بات کی تھی ۔ اسحاق ڈار صاحب نے خواجہ آصف سے کہا کہ شیریں مزاری کا نام لیکر معذرت کر لیں مگر انہوں نے نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے پارلیمنٹ میں پہلے بھی کئی بار بازاری زبان استعمال کی ہے وہ مہناز رفیع پر بھی پھبتی کس چکے ہیں ۔ شیریں مزاری نے کہا کہ خواجہ آصف نے کسی مرد یاعورت پر جملہ نہیں کسا تو کیا کسی تیسری جنس کو کہا تھا ۔ وہ اب جان بوجھ کر بات کو بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہیں اپنے رویے کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ۔ (ن ا)

متعلقہ عنوان :