صوبائی وزیر آبپاشی میاں محمد یاور زمان کا سستے رمضان بازاروں کا دورہ ، اشیاء کے نرخ چیک کئے

جمعرات 9 جون 2016 23:13

اوکاڑہ۔9 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون ۔2016ء )صوبائی وزیر آبپاشی میاں محمد یاور زمان نے کہا ہے کہ سستے رمضان بازار لگانے کا بنیادی مقصد عام لوگوں کو رمضان المبارک کے دوران معیاری پھل و سبزیاں اور اشیاء ضروریہ عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ سستے رمضان بازار اور ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر پھل سبزیوں ،بیسن ،دال ،چنا سمیت دیگر 16اشیائے خورو نوش پر عام مارکیٹ سے 10روپے سے لے کر 20روپے فی کلو تک دستیاب ہیں اور ان کی کوالٹی بھی بہترین ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سستے رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی سی اوسقراط امان رانا ،ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شیر محمد شیراوت سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

میاں محمد یاور زمان نے سستا رمضان بازار ضیاء شہید لائبریری ،چونگی نمبر 7،رینالہ خورد اور دیپالپور کا دورہ کیا انہوں نے ان بازاروں میں چینی اور آٹے کے سٹالوں پر صارفین سے بات چیت بھی کی آٹے کی کوالٹی اور موئسچر چیک کیا انہوں نے مختلف سٹالز پر اشیائے ضروریہ کے نرخ اور وزن بھی خود چیک کیا انہو ں نے کہا کہ حکومت صارفین کو رمضان المبارک میں سہولت پہنچانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی انہوں نے سرکاری محکموں کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ سستے رمضان بازاروں میں سٹالوں پر اشیاء کی کوالٹی اور وزن کو بار بار چیک کریں پھلوں و سبزیوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ مت کیا جائے اور گرمی کے شدید موسم میں صارفین کے لئے ائیر کولر اور مسٹ فین کو لگاتار چالو رکھا جائے۔

صوبائی وزیر نے خواتین کے لئے بنائے گئے الگ کاؤنٹرز ،واش رومز ،معذور افراد کے لئے وہیل چیئرز ،مانیٹرنگ سیکشن اور سیکیورٹی کے انتظامات بھی چیک کئے ۔صوبائی وزیر نے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی درج کئے اور ڈی سی او سقراط امان رانا کی قیادت میں سستے رمضان بازار لگانے والی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔