اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کا مسئلہ کشمیر پرثالثی اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی خواہش کو ظاہر کرنا خوش آئند ہے، ملک شوکت اعوان

پیر 13 جون 2016 15:54

بھمبر ۔ 13 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جون۔2016ء) مرکزی سیکرٹری اطلاعات کشمیر فریڈم موومنٹ ملک شوکت اعوان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کرنے اور مسئلہ کشمیر کا کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی خواہش کو ظاہر کرنا خوش آئند ہے ،عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھی اس بات کو اب جان چکی ہیں کہ جنوبی ایشیا کے خطہ میں اس وقت تک امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی جب تک کشمیر کے مسئلہ کو کشمیریوں کی امنگوں اور آرزوں کے مطابق حل نہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھ سکتا اورآئے روز پر تشدد واقعات اورکشمیری نوجوانوں کی گرفتاریاں کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا،کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کے حصول تک جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کی طرف سے اپنے عہدے سے سبکدوشی سے قبل مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار خوش آئند ہے بان کی مون کی طرف سے اس بات کو قبول کرنا کہ جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے بغیر امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی ، ان کے اس موقف سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مزید تقویت ملے گی۔

ان کی طرف سے اس بات کا اعتراف بھی کیا گیا کہ ریاست جموں و کشمیر کے دونوں بڑے حصوں پر کنٹرول رکھنے والے بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی کی بڑی وجہ بھی مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا ہے اور خطے کے امن کو شدید خطرات بھی مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کے باعث لاحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے ادارے میں بحیثیت سربراہ اپنی مدت پوری کرنے سے قبل مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے اور مسئلہ کے اصل فریق ریاست جموں و کشمیر کے عوام اور ان کے حق خودارادیت کے حق کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خواہش کا اظہار اس بات کا غمازی ہے کہ عالمی برادری بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے ۔

متعلقہ عنوان :