پاکستان کو امریکا کی کالونی بننے نہیں دیں گے،حافظ محمد سعید

دفاع کے مسئلے پر سیاسی و مذہبی جماعتوں کا ایک پیج پر جمع ہونا وقت کی ضرورت بن چکا ہے،امیر جماعة الدعوة

پیر 13 جون 2016 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 جون ۔2016ء) جماعة الدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کی کالونی بننے نہیں دیں گے۔ دفاع کے مسئلے پر سیاسی و مذہبی جماعتوں کا ایک پیج پر جمع ہونا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ اوباما اور مودی کے درمیان ہونے والا معاہدہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کیلئے تھا۔

امریکا‘ بھارت کے توسط سے بحرہند میں اپنی پوسٹیں بنا رہا ہے۔ بھارت و امریکا کا گٹھ جوڑ خطے میں دہشت گردی پروان چڑھائے گا۔ دفاع پاکستان کونسل جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لیے ملک گیر تحریک جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار بازار گراؤنڈ گلشن اقبال میں دفاع پاکسان کونسل کے تحت دفاع پاکستان کانفرس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، جمعیت اتحاد علماء پاکستان کے رہنما سلیم اختر منصوری، جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی، حافظ محمد امجد ودیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں طلبہ، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

روزہ کے باوجود شرکاء میں زبردست جوش و خروش اور بہترین نظم و ضبط دیکھنے میں آیا۔ کانفرنس کے دوران امریکا، بھارت اور اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ پروفیسر حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل رائے عامہ کی ہمواری میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ہماری جدوجہد سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ملکی دفاع ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوباما اور مودی کے درمیان ہونے والا معاہدہ پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے تھا۔ میں مودی سے پوچھتا ہوں کہ کیا مقبوضہ کشمیر کے ہوائی اڈوں پر اس وقت امریکی ڈرون موجود نہیں ہیں؟ کیا پاکستان کے سرحد کے قریب امریکی طیاروں کو نہیں رکھا گیا؟ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکا‘ بھارت کے توسط سے بحرہند میں اپنی پوسٹیں بنا رہا ہے۔

وہ خطے میں پاکستان اور چین کا بڑھتا ہوا کردار برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک امریکی کالونی نہیں، یہاں آئندہ کسی بھی بیرونی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈرون حملے ملکی خودمختاری کے خلاف ہے، اس پر خاموشی اختیار نہیں کرسکتے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ مودی انڈیا کے لیے گورباچوف ثابت ہوگا، جس طرح گورباچوف کے فیصلوں نے روس کو شکست خوردہ کردیا تھا، ویسے ہی مودی بھی بھارت کو لے ڈوبے گا۔

امریکا و بھارت کسی بھول میں نہ رہے، پاکستان کے کروڑوں عوام ملک کے تحفظ کے لیے کٹ مرنے پر تیار ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکی ڈومور کے مطالبے پر عمل سے ملک میں انتشار برپا ہوا۔ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں، ملک کے دفاع کے لیے اتحاد کا ہے۔ اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ڈرون کو گرانا افواج پاکستان کی ذمے داری ہے۔ ماضی کی غلطیوں سے ملک کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ افغانستان میں امریکی قونصل خانے دہشت گردی کے اڈے ہیں، جہاں سے دہشت گردوں کو ہینڈل کیا جاتا ہے۔ جمعیت اتحاد علماء پاکستان کے رہنما سلیم اختر منصوری نے کہا کہ بھارت اپنی پالیسیوں کے باعث ٹوٹنے والا ہے۔ جس دن بھارتی سرزمین سے پاکستان پر حملہ کی کوشش کی گئی بھارت بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ کے سائے تلے ہم اکٹھے ہیں۔ امریکا ڈرون حملوں، دہشت گردی، بم دھماکوں کے ذریعہ پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ مگر ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والا ملک سلامت رہے گا، سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی نے کہا کہ پاکستان پر ڈرون حملے کا مقصد خود مختاری وسالمیت کو چلینج کرنا ہے۔

ہم دفاع پاکستان کے لیے تحریک چلائیں گے۔ پاکستان کے نوجوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ پاکستا ن کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ شانہ بشانہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کو فعال کرنے پر قائدین کو خراج تحسین پیش کر تا ہوں۔ ہم پہلے بھی کہتے رہے کہ امریکا پاکستان کا دوست نہیں۔ مودی اوباما ملاقات کے بعد یہ ثابت ہو چکا۔ مشکل وقت میں امریکہ و برطانیہ پاکستان کے کام نہیں آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :