وزیر زراعت کا کپاس کی فصل پر سفید مکھی اور سنڈیوں کے حملے کی خبر نوٹس

فصل کو بچانے کی ہرممکن تدبیرکی جائے اور جنگی بنیادوں پر مربوط مہم کا آغاز کیا جائے، ڈاکٹر فرخ جاوید وزیر زراعت پنجاب

منگل 14 جون 2016 16:29

لاہور۔14 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جون۔2016ء)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کپاس کی فصل پر سفید مکھی اور سنڈیوں کے حملے کی خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ زراعت کے تمام متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر کپاس کی کاشت والے علاقوں میں منتقل ہو جائیں اور وہاں کیمپ کریں۔ وزیر زراعت نے ہدایت کی ہے کہ کپاس کے کاشتکاروں کی فصل میں جا کر براہ راست ان سے رابطہ کیا جائے اور ان کی فصل کا معائنہ کر کے انہیں کیڑے سے بچاوٴ کی ہر ممکن تدابیربتائیں اور حالات کے مطابق مشورے دیں۔

ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ پچھلے سال کپاس کی کم پیداوار کے جی ڈی پی پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوئے تھے اس لیے جنگی بنیادوں پر مربوط مہم کے زریعے فصل کو بچانے کی ہر مکن تدبیر کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کپاس ہماری انتہائی اہم فصل ہے اور اس سال اس کا نقصان برداشت نہیں کر سکتے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ وہ خود بھی کپاس کی کاشت کے علاقے میں جا کر فصل کا معائنہ کریں گے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر زراعت پنجاب نے محکمہ زراعت کے عملے کو ہدایت کی ہے کہ کپاس جو کہ زرعی معیشت کی ترقی و استحکام کیلئے بنیادی حیثیت کی حامل ہے اسے بچانے کیلئے جنگی بنیادوں پر حکمت عملی مرتب کی جائے اور اس پر من وعن عمل کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ زراعت فیلڈ اور توسیع کے سربراہان کو خاص طور پر ہدایت کی وہ عملے کے ساتھ فیلڈ میں جاکر کپاس کی فصل کے بچاوٴ کیلئے حکمت عملی مرتب کریں اور آپریشن کی نگرانی کریں۔