پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کی جانب سے کوئٹہ میں ڈکیتی ،سکیورٹی گارڈکی ہلاکت زخمی راہگیر کے واقعات کی مذمت

منگل 14 جون 2016 23:07

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 جون ۔2016ء ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں نواں کلی الائیڈ بینک کی ڈکیتی اور اس میں سیکورٹی گارڈ کی ہلاکت اورراہگیر کے زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او ودیگر کی نااہلی کیخلاف سخت نوٹس لیکر قانونی کارروائی کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز دن دہاڑے مسلح افراد نے مقامی بینک میں گھس کر اسلحہ سیکورٹی گارڈ کو ہلاک کیا اور بینک میں ڈکیتی کی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہگیر میں زخمی ہوا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نواں کلی زرغون آباد تھانے کے احاطے میں آئے روز ڈکیتیوں اور سٹریٹ کرائمز کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے گھروں میں ڈکیتیوں ، گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل ، موبائل ، نقدی چھیننے سمیت دیگر قیمتی اشیاء سے شہریوں ومکینوں کو محروم کیا جارہا ہے اور مزاحمت کرنے پر انہیں زدکوب کرکے زخمی کردیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پولیس کی گشت بالکل نہیں کی جاتی البتہ چھٹی والے دن ہنہ بائی پاس پر ناکہ لگا کر چیکنگ کے بہانے طلباء اورشریف شہریوں وعوام کو تنگ وحراساں کرنے کا سلسلہ ضرور جاری رہتا ہے لیکن افسوس کہ جرائم دشمن عناصر کیخلاف پولیس کوئی کارروائی نہیں کرتی حالانکہ ان عناصر کے اڈوں وٹھکانوں کے بارے میں متعلقہ تھانہ بخوبی آگاہ ہے لیکن ان کیخلاف قانونی کارروائی کرنے انہیں گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچانے سے گریز کیا جاتا ہے ۔

بیان میں قانون نافذ کرنیوالے اداوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کرے ۔ پارٹی بیان میں واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے سیکورٹی گارڈ کے لواحقین سے دلی ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے راہگیر کی جلد صحیتابی کیلئے دعا کی گئی ہے اور انتظامیہ پر زور دیا گیا ہے کہ سیکورٹی گارڈ اور راہگیر کے لواحقین سے تعاون و مالی مدد کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :