قومی سطح پر ترتیب دیا گیا بی ایڈ پروگرام کا کورس بہترین جامعات میں متعار ف کرایا جا چکا ہے، ڈاکٹر شگفتہ شہزادی

بدھ 15 جون 2016 18:21

کراچی ۔ 15 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جون ۔2016ء) جامعہ کراچی کی رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے اور کمیونٹی کی ترقی میں کلیدی کردار اداکرتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ طالب علموں کی بہترین تعلیم وتربیت کے لئے اساتذہ کی بھی بھرپور اور پروفیشنل تربیت کو یقینی بنایا جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق ہو، جامعہ کراچی کی کلیہ تعلیم کو قائم ہوئے چارسال مکمل ہوچکے ہیں جس کی کامیابی کا سہرا موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کو جاتا ہے۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے کلیہ تعلیم کے چارسال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ پروگرام کا مقصد کلیہ تعلیم کے پہلے چارسالہ تعلیمی سیشن اور پہلے بیچ کے پاس ہونے پر پوری فیکلٹی، ایکسپرٹس اور تمام اسٹاف سے اظہارتشکر ہے۔ مذکورہ بیچ کے گریجویٹس مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ملازمت حاصل کرچکے ہیں جو شعبہ کے کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایڈ پروگرام کا کورس قومی سطح پر ترتیب دیا گیا ہے جس میں یو ایس ایڈ، ایچ ای سی اور قومی وبین الاقوامی ماہرین سے مشاورت کرنے کے بعد اس کو ملک کی بہترین جامعات جن میں جامعہ پنجاب، جامعہ سندھ، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی، جامعہ کراچی اور دیگر جامعات میں متعارف کرایا جا چکا ہے۔ انہوں نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر اور رئیس کلیہ سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر کی کلیہ تعلیم کی تعلیمی سرگرمیوں میں بھر پور تعاون اور رہنمائی کو سراہا اور امید ظاہر کی یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سردار یاسین ملک، جسٹس (ر) ڈاکٹر غوث محمد اور دیگر اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :