ایران نے بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو کے حوالے سے پاکستان کے خط کا باضابطہ جواب دیدیا

ایرانی سفیر نے وز یر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کر کے اپنی حکومت کا جوابی خط پہنچایا کوئی بھی تیسرا ملک ایران اور پاکستان کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، دونوں ملکوں کے مابین سرحدوں کی نگرانی اور معلومات کے بر وقت تبادلے کے نظام کو مزید موثر بنایاجائے،چوہدری نثار کی گفتگو

بدھ 15 جون 2016 22:00

ایران نے بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو کے حوالے سے پاکستان کے خط کا باضابطہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جون ۔2016ء) ایران نے بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے لکھے گئے خط کا باضابطہ جواب دیدیا۔پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے وفاقی وز یر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کر کے بھارتی ایجنٹ کے حوالے سے ایرانی حکومت کا جوابی خط پہنچایا۔بدھ کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی ، ملاقات میں پاک ایران تعلقات، سیکیورٹی سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ میں پیش رفت کا جائزہ اورخطے میں پائی جانے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا،ملاقات میں وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے دونوں ملکوں کے مابین سرحدوں کی نگرانی اور معلومات کے بر وقت تبادلے کے نظام کو مزید موثر بنانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وز یر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کوئی بھی تیسرا ملک ایران اور پاکستان کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔ملاقات میں ایرانی سفیر نے بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو کے سلسلے میں پاکستان کی طرف سے حکومتِ ایران کو لکھے گئے مراسلے کا باضابطہ جواب بھی وزیرِداخلہ کے حوالے کیا۔واضح رہے کہ 03مارچ2016 کو'را 'کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کو مشہ خیل بلوچستان سے گرفتار کیاگیا جس سے دوران تفتیش یہ معلوم ہوا کہ وہ ایران کے علاقے چاہ بہار میں مقیم تھا اور اپنے نیٹ ورک کی مدد سے پاکستان کے خلاف تخریبی کاروائیوں میں ملوث تھا۔